Connect with us

اسرائیل کی تباہی میں اتنا وقت باقی ہے

  • دن
  • گھنٹے
  • منٹ
  • سیکنڈز

غزہ

فریضہ حج کی ادائیگی کی امید لیے 400 فلسطینی دنیا سے چلے گئے، ہزاروں بدستور منتظر

غزہ – (مرکزاطلاعات فلسطین فاؤنڈیشن) غزہ کی پٹی میں تقریباً 10 ہزار فلسطینی شہری فریضہ حج کی ادائیگی کے منتظر ہیں جن کے نام سنہ 2023ء تا سنہ 2026ء کی رجسٹریشن فہرستوں میں شامل کیے گئے تھے۔ رفح کراسنگ کے ذریعے غزہ کے عازمین کے سفر میں مسلسل رکاوٹوں کے باعث یہ خدشات بڑھ گئے ہیں کہ کہیں انہیں مسلسل چوتھے سال بھی اس مقدس فریضے کی ادائیگی سے محروم نہ کر دیا جائے، جبکہ انتظار کے ان کٹھن برسوں کے دوران رجسٹرڈ افراد میں سے تقریباً 400 عازمین انتقال کر چکے ہیں۔

غزہ میں حج و عمرہ کمپنیوں کے مالکان کی ایسوسی ایشن کے سربراہ محمد الاسطل نے بتایا کہ تقریباً 10 ہزار شہری فریضہ حج کی ادائیگی کے لیے سرزمین حجاز روانہ ہونے کے منتظر ہیں۔ انہوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے نشاندہی کی کہ رجسٹرڈ افراد میں سے قریباً 400 شہری انتظار کی اس طویل مدت کے دوران اس دنیا سے رخصت ہو گئے اور مناسک حج ادا کرنے کی اپنی دیرینہ تمنا پوری نہ کر سکے۔

الاسطل نے وضاحت کی کہ سفری انتظامات میں اولین ترجیح ان رجسٹرڈ عازمین کو دی جائے گی جن کا نام سنہ 2023ء کی حج قرعہ اندازی میں نکلا تھا۔ انہوں نے مزید بتایا کہ ایسوسی ایشن رجسٹریشن فہرستوں میں شامل مرحومین کی جگہ ان کے قریبی رشتہ داروں کو شامل کرنے کے انتظامات پر کام کر رہی ہے تاکہ ان کے خاندانوں کو فریضہ حج ادا کرنے کے مواقع فراہم کیے جا سکیں اور ان کے حقوق ضائع نہ ہوں۔

انہوں نے کہا کہ مملکت سعودی عرب کی جانب سے عازمین کے استقبال کی مکمل تیاری اور ان کے سفر کو آسان بنانے کے لیے مصر کی کوششوں کے باوجود رفح کراسنگ کی مسلسل بندش غزہ کے عازمین کی روانگی کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ بنی ہوئی ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ ایسی حقیقی ضمانتیں فراہم کی جائیں جن کے تحت عازمین حج غزہ سے روانہ ہو کر ارض مقدس پہنچ سکیں اور مناسک کی تکمیل کے بعد بحفاظت غزہ کی پٹی واپس لوٹ سکیں۔

مسلسل چوتھے سال بھی محرومی کے خدشات

اب تمام نگاہیں سنہ 1448ھ بمطابق سنہ 2027ء کے حج سیزن پر مرکوز ہیں اور یہ شدید خدشات پائے جاتے ہیں کہ قابض اسرائیل کی مسلط کردہ جنگ، سرحدی گزرگاہوں کی بندش اور نقل و حرکت پر عائد ظالمانہ پابندیوں کے باعث سنہ 2024ء، سنہ 2025ء اور سنہ 2026ء کے بعد اب مسلسل چوتھے سال بھی غزہ کی پٹی کے مکینوں کو فریضہ حج کی ادائیگی سے محروم رکھا جا سکتا ہے۔

مملکت سعودی عرب کے ساتھ طے شدہ انتظامات کے تحت فلسطین کے مجموعی 6600 عازمین کے کوٹے میں سے غزہ کی پٹی کا سالانہ حصہ تقریباً 2508 عازمین پر مشتمل ہے، تاہم گذشتہ حج سیزنز کے دوران ہزاروں فلسطینی شہری اس کوٹے سے مستفید ہونے سے محروم رہے۔

یاد رہے کہ مئی سنہ 2024ء میں رفح کراسنگ کی بندش نے غزہ کے عازمین کے سفری انتظامات کو مکمل طور پر معطل کر دیا تھا اور ہزاروں رجسٹرڈ افراد کو روانگی سے روک دیا تھا، حالانکہ ان میں سے بیشتر عازمین نے اپنے سفری کاغذات اور مکہ مکرمہ و مدینہ منورہ میں رہائش اور نقل و حرکت سے متعلق تمام بکنگز مکمل کر لی تھیں۔

صحافتی رپورٹس کے مطابق اس سیزن میں گزرگاہ کی بندش کے اقدامات کے باعث غزہ کے تقریباً 2500 فلسطینی حج کی سعادت سے محروم رہے تھے، جس کے بعد آنے والے برسوں میں بھی رفح کراسنگ سے آمد و رفت کی بے قاعدگی کے سبب رجسٹرڈ عازمین کی مشکلات اور محرومی کا یہ سلسلہ دراز ہوتا چلا گیا۔

صحافتی رپورٹس میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ سنہ 2026ء کے دوران رفح کراسنگ کے جزوی طور پر دوبارہ کھولے جانے کے باوجود اس راستے پر عائد سخت پابندیوں نے غزہ کے مکینوں کے سفر کو انتہائی محدود رکھا اور آمد و رفت بڑی حد تک صرف ہنگامی انسانی بنیادوں پر سفر کرنے والے مریضوں اور ان کے تیمارداروں تک ہی محدود رہی۔

ملتوی ہوتے مناسک اور ادھوری تمنائیں

سفر کی اس ناممکن صورتحال کے تباہ کن اثرات صرف ایک حج سیزن کے تعطل تک محدود نہیں رہے بلکہ یہ ان ہزاروں شہریوں کی زندگیوں پر محیط ہیں جن کے نام سال بہ سال انتظار کی فہرستوں میں جمع ہوتے جا رہے ہیں۔ اس تاخیر کے باعث جہاں بہت سے عازمین بڑھاپے کی دہلیز پر پہنچ چکے ہیں وہیں متعدد خاندان اپنے رجسٹرڈ بزرگوں کی وفات کے سبب اس مقدس فریضے کی ادائیگی کے موقع سے ہمیشہ کے لیے محروم ہو رہے ہیں۔

انتظار کے ان برسوں میں قریباً 400 منتظر عازمین کی وفات اس مسلسل محرومی سے جنم لینے والے انسانی المیے کی سنگینی کو بے نقاب کرتی ہے، خصوصاً اس لیے کہ بیشتر فلسطینیوں کے نزدیک حج محض ایک مذہبی سفر نہیں بلکہ زندگی بھر کی ایک ایسی مقدس تمنا ہے جس کی تکمیل کے لیے وہ برسوں انتظار کرتے ہیں اور اپنی جمع پونجی جوڑتے ہیں۔

نئے حج سیزن کی آمد کے پیش نظر یہ مطالبات زور پکڑتے جا رہے ہیں کہ غزہ کے عازمین حج کے لیے ایک محفوظ اور باقاعدہ سفری راہداری کھولی جائے جو مناسب اوقات میں مملکت سعودی عرب تک ان کی منتقلی اور بغیر کسی رکاوٹ کے سفری مراحل کی تکمیل کو یقینی بنائے، نیز مناسک حج کی ادائیگی کے بعد غزہ کی پٹی میں ان کی محفوظ واپسی کے لیے واضح ضمانتیں فراہم کی جائیں۔

ہر گزرتے سال کے ساتھ طویل ہوتی انتظار کی فہرستوں اور اپنی منزل مقصود تک پہنچنے سے پہلے ہی دنیا سے رخصت ہو جانے والے ناموں کے درمیان غزہ کے ہزاروں فلسطینی آج بھی فریضہ حج کی ادائیگی کی امید لگائے بیٹھے ہیں۔ وہ اس بات کے منتظر ہیں کہ حالات میں کوئی ایسی کشادگی پیدا ہو جو محرومی کے ان طویل برسوں کا خاتمہ کرے اور انہیں سفر و عبادت کا اپنا بنیادی حق ادا کرنے کا موقع مل سکے، بجائے اس کے کہ غزہ کی پٹی پر عائد صہیونی محاصرہ اور پابندیاں ان کی اس مقدس آرزو کی راہ میں ایک مستقل رکاوٹ بن جائیں۔

Click to comment

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Copyright © 2018 PLF Pakistan. Designed & Maintained By: Creative Hub Pakistan