Connect with us

اسرائیل کی تباہی میں اتنا وقت باقی ہے

  • دن
  • گھنٹے
  • منٹ
  • سیکنڈز

عالمی خبریں

1. 151 ممالک نے فلسطینی عوام کے قدرتی وسائل پر حقِ خودمختاری کی حمایت کر دی

نیو یارک – (مرکزاطلاعات فلسطین فاؤنڈیشن) اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کی اقتصادی و مالیاتی امور سے متعلق دوسری کمیٹی نے 151 ممالک کی بھاری اکثریت سے ایک قرارداد منظور کی ہے جس میں فلسطینی عوام کے اپنے قدرتی وسائل پر مستقل حقِ خودمختاری کی توثیق کی گئی ہے۔ قرارداد کی مخالفت میں سات ووٹ آئے جبکہ 11 ممالک نے رائے شماری میں حصہ نہیں لیا۔

گروپ آف 77 اور چین کی جانب سے پیش کی گئی اس قرارداد کو یورپی یونین کے تمام رکن ممالک اور کینیڈا کی حمایت حاصل رہی جبکہ امریکہ، قابض اسرائیل، کولمبیا، پیراگوئے، پلاؤ، ناورو اور مائیکرونیشیا نے اس کی مخالفت کی۔

قرارداد میں اپنے قدرتی وسائل پر فلسطینی عوام کے ناقابل تنسیخ اور مستقل حقوق کی توثیق کرتے ہوئے قابض اسرائیل سے ان وسائل کا استحصال بند کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے اور اس بات پر زور دیا گیا ہے کہ فلسطینیوں کو ان وسائل کے ضیاع سے ہونے والے نقصانات کے ازالے کا مطالبہ کرنے کا پورا حق حاصل ہے۔

قرارداد میں اس امر کی بھی نشاندہی کی گئی ہے کہ جنگ کے وقت شہریوں کے تحفظ سے متعلق چوتھے جنیوا کنونشن اور اقتصادی، سماجی و ثقافتی حقوق کا بین الاقوامی معاہدہ مقبوضہ فلسطینی سرزمین پر لاگو ہوتے ہیں۔

اس قرارداد کی بنیاد عالمی عدالت انصاف کی جانب سے انیس جولائی سنہ 2024ء کو جاری کی گئی اس مشاورتی رائے پر رکھی گئی ہے جو مشرقی مقبوضہ بیت المقدس سمیت مقبوضہ فلسطینی سرزمین میں قابض اسرائیل کی پالیسیوں اور اقدامات کے قانونی اثرات سے متعلق ہے۔

اسی تناظر میں قرارداد اس بات کی تصدیق کرتی ہے کہ غیر قانونی یہودی بستیوں کا قیام، دیوار کی تعمیر اور دیگر قابض اسرائیلی اقدامات فلسطینی ماحولیات کو شدید نقصان پہنچا رہے ہیں۔ قرارداد میں سلامتی کونسل کی قرارداد نمبر 2334 کے تحت تمام ممالک سے اس مطالبے کا اعادہ کیا گیا ہے کہ وہ اپنے معاملات میں قابض اسرائیل کے علاقوں اور سنہ 1967ء سے مقبوضہ فلسطینی سرزمین کے درمیان واضح فرق رکھیں۔

دوسری جانب اقوام متحدہ میں ریاست فلسطین کے مستقل مندوب وزیر ریاض منصور نے قرار دیا کہ قرارداد کے حق میں بھاری اکثریت سے ہونے والی رائے شماری فلسطینی عوام کے ناقابل تنسیخ حقوق بالخصوص اپنے قدرتی وسائل پر ان کے حقِ خودمختاری کے لیے عالمی برادری کی حمایت کی تجدید کرتی ہے۔ انہوں نے اس مسودے کی حمایت کرنے والے ممالک کے موقف کو سراہا۔

یہ پیش رفت ایک ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب فلسطینی قدرتی وسائل کے وسیع حصے بالخصوص پانی، زرعی اراضی اور توانائی کے ذرائع پر قابض اسرائیل کا تسلط بدستور جاری ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ ایسی پابندیاں بھی عائد کی گئی ہیں جو فلسطینیوں کو ان وسائل تک رسائی اور ان سے استفادہ کرنے سے روکتی ہیں جبکہ زمینوں پر قبضہ، ان کی مسماری اور کنوؤں و آبی ڈھانچے کی تباہی کا سلسلہ بھی جاری ہے۔

عالمی عدالت انصاف نے انیس جولائی سنہ 2024ء کو جاری اپنی مشاورتی رائے میں واضح کیا تھا کہ قابض اسرائیل کی جانب سے فلسطینی قدرتی وسائل کا استحصال بین الاقوامی قانون کے تحت اس کی ذمہ داریوں سے متصادم ہے۔ عدالت نے نشاندہی کی تھی کہ ان وسائل کا ایک بڑا حصہ یہودی آباد کاروں سمیت اپنے شہریوں کے فائدے کے لیے منتقل کیا جا رہا ہے اور فلسطینیوں کو ان کی اپنی سرزمین میں دستیاب پانی تک رسائی سے روکنے کے لیے سخت پابندیاں عائد کی گئی ہیں۔

قبل ازیں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی نے انیس دسمبر سنہ 2024ء کو فلسطینی عوام کے اپنے قدرتی وسائل پر مستقل حقِ خودمختاری سے متعلق قرارداد نمبر 229/79 منظور کی تھی۔

علاوہ ازیں پندرہ دسمبر سنہ 2025ء کو بھی جنرل اسمبلی نے 156 ممالک کی اکثریت سے قرارداد نمبر 158/80 منظور کی تھی جس کی مخالفت میں آٹھ ووٹ آئے اور 10 ممالک غیر حاضر رہے تھے۔ اس قرارداد میں زمین، پانی اور توانائی کے وسائل پر فلسطینی حقوق کی توثیق کرتے ہوئے قابض اسرائیل سے ان کا استحصال اور انہیں نقصان پہنچانا بند کرنے کا مطالبہ کیا گیا تھا۔

Click to comment

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Copyright © 2018 PLF Pakistan. Designed & Maintained By: Creative Hub Pakistan