ملک بھر میں فلسطینی شہداء اور ان کے خانوادوں سے اظہار یکجہتی کے لئے رمضان المبار ک کے پہلے جمعہ کو ’’یوم یکجہتی شہدائے فلسطین ‘‘ منایا گیا۔بعد نماز جمعہ مساجد میں خصوصی دعائیں اور پروگرام
کراچی( )فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کی اپیل پر آج ملک بھر میں رمضان المبارک کے پہلے جمعہ کو ’’یوم یکجہتی شہدائے فلسطین والقدس‘‘ کے عنوان سے منایا گیا اس حوالے سے ملک بھر کی مساجد میں بعد نماز جمعہ خصوصی دعائیں اور پروگرام منعقد ہوئے جبکہ جمعہ کے خطبوں میں علمائے کرام اور خطبائے عظام نے تحریک آزادئ القدس کے شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا اور شہدائے القدس کے خانوادوں سے دلی ہمدردی اور یکجہتی کا اظہار کیا ۔
اس موقع پر فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے زہر اہتمام متعدد مساجد کے باہر بعد نماز جمعہ خصوصی تصویری نمائشیں لگائی گئیں جبکہ بعض مقامات پر احتجاجی مظاہروں کے ذریعے عالمی استعمار امریکہ اور اس کی ناجائز اولاد اسرائیل کے فلسطینیوں پر ڈھائے جانے والے مظالم کی شدید مذمت کی گئی۔ فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان نے اس موقع پر رمضان المبارک کے دوسرے جمعہ کو ’’یوم باب الاسلام فلسطین کے بغیر نا مکمل‘‘ کے عنوان سے منانے کا بھی اعلان کیا۔