فلسطین فائونڈیشن پاکستان کے زیر اہتمام کراچی میں جمعۃ الوداع عالمی یوم القدس کے موقع پر دو روزہ تصویری نمائش کا آغاز یکم اگست کو ایم اے جناح روڈ کراچی پر ہوا، تصویری نمائش کا افتتاح جعفریہ الائنس پاکستان کے سربراہ علامہ عباس کمیلی ، جماعت اسلامی کے رہنما اور سابق رکن قومی اسمبلی مظفر
احمد ہاشمی، جمعیت علماء پاکستان کے مرکزی رہنما علامہ قاضی احمد نورانی صدیقی، پاکستان عوامی مسلم لیگ کے رہنما محفوط یار خان ایڈووکیٹ ، سابق کمشنر کراچی اسد اللہ خان،مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے رہنما مولانا صادق رضا تقوی ، فلسطین فائونڈیشن پاکستان کے مرکزی ترجمان صابر کربلائی سمیت فاران کلب کے صدر غیور ہاشمی اور خورشید خان ایڈووکیٹ اور دیگر نے کیا۔
تصویری نمائش میں سیکڑوں افراد نے شرکت کی اور تصویری نمائش کا معائنہ کیا۔اس موقع پر سیاسی و مذہبی رہنمائوں کاکہنا تھا کہ فلسطین فائونڈیشن پاکستان کے زیر اہتمام جمعۃ الوداع یوم القدس کی مناسبت سے فلسطینی مسلمانوں پر ڈھائے جانے والے صیہونی مظالم کو آشکار کرنا اور تصویری نمائش کے ذریعے رائے عامہ کو ہموار کرنا اہم ترین کام ہے جس پر فلسطین فائونڈیشن پاکستان کی خدمات خراج تحسین ہیں۔
رہنمائوں اور کراچی کے عوام نے تصویری نمائش کا معائنہ کیا اور اپنے تاثرات کو قلمبند کیا۔
واضح رہے کہ فلسطین فائونڈیشن پاکستان کے تحت دو روزہ تصویری نمائش کا آغاز جمعرات کی شام کو ایم اے جناح روڈ پر ہوا جو جمعۃ الوداع یوم القدس کے اختتام تک جاری رہے گا۔اس موقع پر فلسطین ترانے بھی چلائے گئے جسے عوام الناس سے بے حد پسند کیا۔