فلسطینی مجلس قانون ساز کے ڈپٹی سپیکر ڈاکٹر احمد بحر نے فلسطینیوں کو عباس, یاہو اور مبارک ملاقات سے متنبہ کیا ہے۔
انہوں نے کہا ہے کہ قاہرہ میں فلسطینی صدر محمود عباس، اسرائیلی وزیراعظم نتین یاہو اور مصری صدر حسنی مبارک کے درمیان ملاقات کا مقصد اسرائیل اور فلسطینیوں کے درمیان بے سود مذاکرات کا آغاز ہے۔
اسرائیل ان مذاکرات کی آڑ میں بیت المقدس کو یہودیانے، کھدائی کی کارروائیاں اور آباد کاری کے ذریعے فلسطینی اراضی کو ہڑپ کرنے کی سازش جاری رکھے گا۔
انہوں نے غزہ جنگ کے ایک سال مکمل ہونے کے حوالے سے منعقدہ جلسہ سے خطاب میں کہا کہ فلسطینی ارکان پارلیمان نے جنگ کے دوران اپنے کردار کو نبھایا گھروں کے مسمار ہونے کے باوجود اپنے فرائض ادا کیے۔ وہ جنگ کے دوران مشکلات میں عوام کے درمیان موجود رہے۔
ڈاکٹر احمد بحر نے واضح کیا ہے کہ فلسطینی پارلیمنٹ نے مشکل حالات میں بہت سی کامیابیاں حاصل کیں۔ پارلیمنٹ کے اجلاس جاری رہے اور قانون سازی ہوتی رہی۔ معیشت ، انتظام اور قانون کے متعلق قانون سازی کرنے کے علاوہ حکومت کی کارکردگی پر نظر رکھی گئی۔