غزہ – (مرکزاطلاعات فلسطین فاؤنڈیشن) اسلامی تحریک مزاحمت ’حماس‘ نے کہا ہے کہ قابض اسرائیلی فوج کی جانب سے غزہ گورنری کے سول پولیس ڈائریکٹر کرنل جمال أبو کمیل کا مجرمانہ قتل قابض دشمن کی جانب سے فلسطینی عوام کے خلاف کیے جانے والے سفاکانہ جنگی جرائم میں ایک اور گھناؤنا اضافہ ہے ۔ یہ مجرمانہ اقدام غزہ کی پٹی میں افراتفری اور انارکی پھیلانے کی اس کی مسلسل کوششوں کا تسلسل ہے۔
جماعت نے ایک پریس بیان میں اس بات پر زور دیا کہ یہ وحشیانہ اور بزدلانہ جرم اس حقیقت کو عیاں کرتا ہے کہ قابض دشمن کی پالیسیوں کا مقصد نسل کشی کی جنگ جاری رکھنا، غزہ کی پٹی میں انسانی تباہی کو مزید گہرا کرنا اور اسے افراتفری کی حالت میں دھکیلنا ہے۔ حماس نے اسے ایک مکمل جنگی جرم قرار دیا ۔
حماس نے نشاندہی کی کہ کرنل أبو کمیل کا قتل غزہ کی پٹی میں فلسطینیوں کو روزانہ درپیش پامالیوں کے ساتھ مل کر خاص طور پر ثالثوں سے فوری حرکت میں آنے کا تقاضا کرتا ہے تاکہ قابض حکومت کی پامالیوں کو روکا جا سکے اور ان کا محاسبہ کیا جا سکے۔
حماس نے مطالبہ کیا کہ قابض دشمن کو غزہ کی پٹی میں جنگ بندی کے لیے شرم الشیخ معاہدے کی شقوں پر فوری عمل درآمد کرنے پر مجبور کیا جائے۔
