کراچی (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کی مرکزی سرپرست کمیٹی کی اپیل پر ملک بھر میں بھارتی جارحیت کے خلاف یوم احتجاج منایا گیا اور افواج پاکستان کا مورال بلند رکھنے کے لئے مظاہروں کا انعقاد کیا گیا، کراچی میں مرکزی احتجاجی مظاہرہ نیو میمن مسجد بولٹن مارکیٹ پر نماز جمعہ کے اجتماع کے بعد کیا گیا جس میں سیکڑوں شہریوں نے شرکت کی ۔مظاہرین نے ہاتھوں میں بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر افواج پاکستان کی حمایت اور بھارتی جارحیت کے خلاف نعرے درج تھے، پلے کارڈز پر امریکہ مردہ باد، اسرائیل نامنظور، بھارت مردہ باد، کشمیر کی آزادی تک جنگ رہے گی، فلسطین پر سودے بازی نا منظور سمیت پاک فوج زندہ باد کے نعرے آویزاں تھے۔مظاہرین نے فلسطین وکشمیر اور دیگر مسلم ممالک میں جاری عالمی سامراج امریکہ اور اسرائیل سمیت ہندوستان سے اپنی نفرت کا اظہار کرتے ہوئے امریکی، صہیونی اور ہندوستانی پرچم بھی نذر آتش کئے اور مردہ باد امریکہ و اسرائیل سمیت مردہ باد ہندوستان کے فلک شگاف نعرے لگائے۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق مقررین کاکہنا تھا کہ بھارت کی مسلسل جارحیت پر افواج پاکستان کا منہ توڑ جواب پوری قوم کے جذبات کی ترجمانی کرتا ہے اور وقت آیا تو پوری قوم سرحدوں پر پہنچ کر افواج پاکستان کے شانہ بہ شانہ وطن عزیز کا دفاع کرے گی، ان کاکہنا تھا کہ مادر ملت کے دفاع کی خاطر کسی بھی قسم کی قربانی دینا پڑی دریغ نہیں کیا جائے گا، انہوں نے بھارت کی مسلسل جارحیت اور دہشت گردانہ پالیسیوں پر اقوام متحدہ سمیت عالمی اداروں کی خاموشی پر کڑی تنقید کی اور مطالبہ کیا کہ بھارت کو پاکستان اور کشمیر کے خلاف مسلسل جارحیت کرنے پر سخت سے سخت سزا دی جائے ۔اس موقع پر مقررین نے پوری قوم سے اپیل کی کہ اپنی صفوں میں اتحاد ویکجہتی قائم رکھتے ہوئے مشکل حالات میں افواج پاکستان کا مورال بلند رکھنے کے لئے ہر ممکنہ اقدامات کرے۔
بھارتی جارحیت کے خلاف اور افواج پاکستان کی حمایت میں منعقدہ مظاہرے میں فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کی مرکزی سرپرست کمیٹی کے اراکین بشمول جماعت اسلامی سندھ کے امیر سابق رکن قومی اسمبلی محمد حسین محنتی،متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے سابق رکن سندھ اسمبلی محفوظ یار خان،جعفریہ الائنس پاکستان کے رہنما سید شبر رضا،پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما فہد فاروق میمن اور فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے مرکزی جنرل سیکرٹری صابر ابو مریم نے شرکت کی اور مظاہرین سے خطاب کیا۔