مقبوضہ فلسطین میں اسلامی تحریک مزاحمت (حماس) کے نائب سربراہ الشیخ کمال خطیب مسلمان حکمرانوں سے مسجد اقصی کے دفاع کا مطالبہ کیا ہے- انہوں نے عرب سیٹلائٹ چینل الجزیرہ کو بیان میں کہا کہ انتہا پسندیہودیوں نے مسجداقصی کی بے حرمتی کرنا ایک پالیسی بنالی ہے- وہ مسجد اقصی پر اپنی بالادستی قائم کرنے کی سازش کر رہے ہیں- اسرائیلی حکومت انتہا پسند یہودیوں کو مسجد اقصی میں نہ صرف داخل ہونے کی اجازت دیتی ہے بلکہ ان کو تحفظ بھی فراہم کرتی ہے – الشیخ کمال خطیب نے کہا کہ اسرائیل نے نہ صرف بیت المقدس کو گھیرے میں لیا ہوا ہے بلکہ فلسطینی دیہاتوں کے گرد سیکورٹی کا طوق ڈالا ہوا ہے- اسرائیلی فوج فلسطینیوں کو بیت المقدس اور مسجد اقصی میں جانے سے روکتی ہے- الشیخ کمال خطیب نے واضح کیا کہ اہلیان بیت المقدس ہی مسجد اقصی کا دفاع کر رہے ہیں- مسجد اقصی کو جن چیلنجز کا سامنا ہے اس کے لیے امت مسلمہ کو متحرک ہونا چاہیے- مسجد اقصی کے دفاع کے لیے مسلمان حکمرانوں کو کوششیں اور تیز کرنی چاہئیں- مسجد اقصی صرف فلسطینیوں کی نہیں ہے پوری امت مسلمہ مسجد اقصی کے دفاع کے حوالے سے اللہ تعالی کے ہاں جوابدہ ہو گی –