کراچی۔فلسطینی عوام کی مدد اور حمایت جاری رکھیں گے۔پاکستانی عوام ”اسرائیل عالم انسانیت کے لئے خطرہ ہے”ویب پولنگ ریفرنڈم میں بھرپور حصہ لیں۔پاکستان کی سیاسی و مذہبی جماعتیں 14مئی کو یوم سیاہ منائیں ، اسرائیل نامنظور کے عنوان سے نکالی جانے والی احتجاجی ریلیوں میںعوام بھرپور شرکت کریں۔ ان خیالات کا اظہار فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے مرکزی رہنماؤں قاضی احمد نورانی صدیقی،علامہ آفتاب حیدر جعفری ،اور صابر کربلائی نے کراچی پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔انہوں نے کہا کہ اسرائیل جو کہ ایک غاصب ریاست ہے 14مئی 1948ء کو عالمی طاقتوں(برطانیہ،امریکہ) کی ایماء پر فلسطین کے خطہ میں غاصبانہ طریقے سے وجود میں لائی گئی اورصہیونی گھناؤنے مقاصد کو پورا کرنے کے لئے غاصب صہیونیوں نے 14مئی1948ء یعنی یوم نکبہ کو فلسطینیوں کے خون سے ہولناک ہولی کھیلی جس کی مثال دنیا میں کہیں نہیں ملتی اور یہی وجہ ہے کہ فلسطینی عوام 14مئی (یوم نکبہ)کو ایک خوفناک دن قرار دیتے ہیں اور غاصب اسرائیلی ریاست کے قیام کو بہت بڑی تباہی قرار دیتے ہیں ۔فلسطینی مسلمانوں پر یہ تباہی 14مئی 1948ء کو مسلط ہوئی اور پھر تسلسل کے ساتھ آج تک جاری ہے جس کے نتیجہ میں اندھے قتل عام کے سینکڑوں واقعات دیکھنے میں آتے رہے ہیں۔
فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے مرکزی رہنماؤں کا کہنا تھا کہ گذشتہ دو سال سے غزہ کا محاصرہ جاری ہے جو کہ فلسطینیوں کی نسل کشی کے مترادف ہے ہم اقوام متحدہ سے اپیل کرتے ہیں اور بالخصوص حقوق انسانی کمیشن سے بھی کہ وہ غزہ کے محاصرے کو ختم کروانے میں اپنا مثبت کردار ادا کرے اور غاصب صہیونی ریاست اسرائیل کے جارحانہ عزائم کے خلاف عالمی عدالت انصاف میں مقدمہ قائم کرے،ہمیں انتہائی افسوس ہے کہ عرب ریاستیں جو کہ فلسطین کے ہمسائے ہیں انتہائی گھناؤنے کردار کی مرتکب ہو رہی ہیں بالخصوص مصر اور اردن سمیت خائن عرب ریاستیں امریکی و اسرائیلی کاسہ لیسی کی پالیسی کو ترک کریں اورمظلوم فلسطینیوں کی حمایت کریں۔ان کا کہنا تھا کہ مصر کی جانب سے رفح کے بارڈر پر تعمیر کی جانے والی آہنی دیوار جو کہ فلسطینیوں کی نسل کشی کا اسرائیلی منصوبہ ہے ،مصر حکومت فی الفور اس آہنی دیوار کی تعمیر بند کروائے ورنہ پاکستان کے غیور عوام مصر کے خلاف شدید احتجاج کرنے پر مجبور ہوں گے اور یہ احتجاج اس وقت تک جاری رہے گا جب تک مصرحکومت اپنے اس ناپاک ارادے سے باز نہ آ جائے ،انہوں نے مزید کہا کہ مسلمان دنیا کے کسی بھی خطہ میں ہوں مسلمان ایک جسم کی مانند ہیں اور جسم کے ایک حصہ میں تکلیف ہو تو پورے جسم کو تکلیف محسوس ہوتی ہے لہذا فلسطینی عوام بھی پاکستانیوں کے جسم کا ایک حصہ ہیں اور پاکستانی عوام اپنے مظلوم فلسطینی بھائیوں کی حمایت جاری رکھیں گے اور ہر ممکن مدد کرتے رہیں گے۔اس موقع پر رہنماؤں نے واضح کیا کہ فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان (PLF.Pak)بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح ؒ اور تحریک پاکستان کے رہنماؤں کے فرامین کی روشنی میں فلسطینی مسلمانوں سے اظہار ہمدردی اور حمایت میں مصروف عمل ہے۔ مرکزی رہنماؤں نے اعلان کیا کہ فلسطینی ہمارے بھائی ہیں اور پاکستان کے عوام اپنے فلسطینی بھائیوں کے ہر دکھ درد میں برابر کے شریک ہیں ،لہذٰا فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان نے ملک کی طلباء تنظیموں بشمول پیپلز اسٹوڈنٹس فیدریشن پاکستان کراچی(PSF)،اسلامہ جمعیت طلبہ پاکستان (IJT)،پختون اسٹوڈنٹس فیڈریشن پاکستان(PSF.Puk) ،مسلم اسٹوڈنٹس فیڈریشن پاکستان نواز(MSF.N)،انجمن طلبہ اسلام پاکستان (ATI)اور امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان (ISO)کے ساتھ مل کرفلسطینی عوام کی حمایت اور غاصب صہیونی ریاست اسرائیل کے خلاف آن لائن (On Line)”ویب پولنگ ریفرنڈم”یکم تا 12مئی بعنوان”اسرائیل عالم انسانیت کے لئے خطرہ ہے”کا انعقاد کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔انہوں نے بتایا کہ On Line web Pollingفلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کی ویب سائٹ www.plfpakistan.com پر یکم تا 12مئی تک کی جائے گی ۔اس سلسلہ میں ملک بھراور دنیا بھر سے لوگ اپنی رائے کا اظہار کریں گے ۔اس پولنگ کا مقصد دنیا بھر کے لوگوں اور بالخصوص پاکستان کے عوام کی رائے کو دنیا بھر کے طبقات میں بتانا ہے کہ پاکستانی عوام غاصب صہیونی ریاست اسرائیل کے بارے میں کیا رائے رکھتے ہیں اور غاصب صہیونیوں اور امریکہ کا یہ باور کروانا چاہتے ہیں کہ پاکستان کے غیور عوام فلسطینیوں کے خلاف کسی بھی قسم کی سازش کو برداشت نہیں کریں گے ،ریفرنڈم کی تشہیر کے لئے ہینڈ بلز ،اور بینرز کی نشر و اشاعت کی جائے گی ۔رہنماؤں کا کہنا تھا کہ 13مئی بروز جمعرات کو کراچی پریس کلب میں فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کی سر پرست کمیٹی جس میں مختلف سیاسی و مذہبی جماعتوں کے رہنما شامل ہیں اور ورکنگ کمیٹی جس میں طلباء تنظیموں کے رہنما شامل ہیں مشترکہ پریس کانفرنس میںیکم تا 12مئی تک ہونے والے ویب پولنگ ریفرنڈم کے نتائج کا اعلان کریں گے۔
ایک سوال کے جواب میں رہنماؤں نے بتایا کہ فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے ساتھ ایک اجلاس میںموجود طلباء تنظیموں بشمول فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے صابر کربلائی،حیدر زیدی،(پی ایل ایف ) فیصل شیخ (صدر پیپلز اسٹوڈنٹس فیڈریشن کراچی)عبد اللہ شجاعت (رکن شوریٰ اسلامی جمعیت طلبہ)خلیل ستی (مرکزی رہنما مسلم اسٹوڈنٹس فیڈریشن نواز)عبید نورانی (صوبائی صدر انجمن طلبہ اسلام)بختاور شاہ (ایگزیکٹو ممبر پختون اسٹوڈنٹس فیڈریشن)اور زین انصاری (صدر امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن کراچی)نے فیصلہ کیا کہ فلسطین میں غاصب صہیونی ریاست اسرائیل کی جارحیت کے خلاف ملک بھر میں احتجاجی تحریک چلائی جائے گی ۔تمام طلباء ہنماؤں نے اتفاق کیا کہ اسرائیلی ریاست کے ناپاک وجود کے قیام کے خلاف 14مئی بروز جمعہ کو ملک بھر اسلامی جمعیت طلبہ کی جانب سے یوم سیاہ منایا جائے گا اور طلباء تنظیمیں اسرائیل نامنظور ریلیاں اور احتجاجی مظاہرے منعقد کریں گی جبکہ مرکزی مظاہرہ 15مئی بروز ہفتہ فلطین فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام کراچی پریس کلب کے باہر کیا جائے گا جس میں فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان اور تمام طلباء تنظیموں سمیت سیاسی و مذہبی جماعتوں کی نمائندگی کو یقینی بنایا جائے گا، اور 16مئی کو یوم مردہ باد امریکا کے حوالے سے امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنازیشن پاکستان کے زیر اہتمام ملک بھر میں احتجاجی اور نامنظور اسرائیل ریلیاں نکالی جائیں گی ۔جبکہ MSF,ATI,PSFاور پختون اسٹوڈنٹس فیڈریشن کی جانب سے مختلف اوقات میں احتجاجی مظاہرے اور مذمتی بیانات شائع کئے جائیں گے ۔
اس موقع پر فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے رہنماؤں نے پاکستان کے ذرائع ابلاغ بشمول پرنٹ و الیکٹرانک میڈیا سے اپیل کی کہ مسئلہ فلسطین کی اہمیت کو اجاگر کرنے اور فلسطینی عوام سے اظہار ہمدردی کے لئے اخبارات میں آرٹیکل شائع کئے جائیں جبکہ 14مئی (یوم نکبہ ) کے عنوان سے ٹی وی چینلزپر خصوصی نشریات بھی نشر کی جائیں۔