نیویارک (مرکزاطلاعات فلسطین فاؤنڈیشن) ظہران ممدانی نے نیتن یاہو پر تنقید مزید سخت کر دی ہے اور انھیں ’’جنگی مجرم‘‘ قرار دے دیا ہے۔
نیویارک سٹی کے میئر ظہران ممدانی نے اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو پر اپنی تنقید مزید سخت کرتے ہوئے انھیں جنگی مجرم قرار دیا، تاہم ساتھ ہی تسلیم کیا کہ ان کے پاس نیتن یاہو کو گرفتار کرنے کا اختیار نہیں ہے، جیسا کہ انھوں نے میئر کی انتخابی مہم کے دوران ایسا کرنے کی دھمکی دی تھی۔
ممدانی نے پیر کو سی این این کی کرسٹیان امانپور سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ’’جب نیتن یاہو کی بات آتی ہے تو میں نے انھیں وہی قرار دیا ہے جو میرے خیال میں وہ ہیں، ایک جنگی مجرم اور فلسطینی عوام کی ہول ناک نسل کشی کے معمار۔‘‘
بین الاقوامی فوجداری عدالت (آئی سی سی) نے 2024 میں نیتن یاہو اور دیگر اسرائیلی رہنماؤں کے خلاف گرفتاری کے وارنٹ جاری کیے تھے۔ عدالت نے ان پر 7 اکتوبر 2023 کو حماس کے اسرائیل پر حملوں کے دوران اور اس کے بعد جنگی جرائم کے الزامات عائد کیے تھے، تاہم اسرائیل نے ان الزامات کی تردید کی۔