مقبوضہ بیت المقدس میں اسرائیل کی جانب سے فلسطینیوں کے آبادی کے گڑھ سمجھے جانے والے علاقوں میں مزید سات یہودی کالونیوں کی تعمیر کے منصوبے کا انکشاف ہوا ہے۔ القدس انفارمشین سینٹر کے مطابق نئی یہوی کالونیوں کی تعمیر کا منصوبہ قابض یہودی بلدیہ کے زیرانتظام عمل میں لایا جا رہا ہے۔ رپورٹ کے مطابق قابض حکام کی جانب سے سترہ نومبر کو”گیلو” کے مقام پر ایک یہودی کالونی کی تعمیر کا اعلان صرف ایک کالونی تک محدود نہیں بلکہ “گیلو” تعمیراتی منصوبہ دراصل ان سات کالونیوں کا حصہ ہے جنہیں مقبوضہ بیت المقدس میں فلسطینی آبادی کے گنجان آباد مقامات پر تعمیر کیا جائے گا۔ القدس انفارمیشن سینٹر کے مطابق ان کالونیوں کی تعمیر کا منصوبہ طویل مدت قبل طے پا چکا ہے،منصوبے کے تحت “گیلو” نوف ٹسیون”، مسکوفٹش”، بلاک نمبر ایک”، شیبرڈ” بسجات زیف” اور قلندیا” جیسی یہودی کالونیوں کی تعمیر اوران کی توسیع کی جائے گی۔