مقبوضہ مغربی کنارہ – (مرکزاطلاعات فلسطین فاؤنڈیشن) مرکز اطلاعات فلسطین “معطی” نے اپنی ہفتہ وار رپورٹ میں بتایا ہے کہ سنہ 2026ء کے ماہ اکتوبر کی نو سے پندرہ تاریخ کے درمیان مقبوضہ مغربی کنارے میں قابض اسرائیلی فوج اور یہودی آباد کاروں کی جانب سے کی جانے والی ایک ہزار 401 خلاف ورزیاں ریکارڈ کی گئی ہیں۔
رپورٹ کے مطابق ان ظالمانہ کارروائیوں کے نتیجے میں ایک فلسطینی شہید اور 86 دیگر زخمی ہوئے جبکہ ایک سو 53 افراد کو حراست میں لینے اور نظربند کرنے کے واقعات ریکارڈ کیے گئے۔ اس کے علاوہ یہودی آباد کاروں کی طرف سے ایک سو 81 حملے کیے گئے اور فلسطینی علاقوں اور قصبوں پر دو سو چھ دھاوے بولے گئے۔
رپورٹ میں تین سو 56 بندشوں، فوجی چوکیوں پر ایک سو 89 ہراسانی کے واقعات، شہریوں کے گھروں پر 75 چھاپوں، املاک ضبط کرنے کے 69 واقعات اور فلسطینی املاک کی توڑ پھوڑ اور مسماری کے 52 عملی اقدامات کا احاطہ کیا گیا ہے۔
براہ راست حملوں کے تناظر میں مرکز نے فائرنگ کے 16 واقعات، مارکٹائی اور تشدد کے سات واقعات، طبی اور صحافتی عملے کو نشانہ بنانے والے چار حملوں کے علاوہ تعلیمی اداروں پر حملوں کے دو اور املاک اور مقدسات کو نذر آتش کرنے کے دو واقعات کی دستاویزی توثیق کی ہے۔
رپورٹ میں اس بات کی نشاندہی کی گئی ہے کہ یہ اعداد و شمار قابض فورسز کی طرف سے فلسطینی شہروں، قصبوں اور کیمپوں پر مسلسل دھاولوں، شہریوں بالخصوص زیتون کی کٹائی کے موسم میں کسانوں پر یہودی آباد کاروں کے حملوں میں شدت اور مغربی کنارے کے مختلف علاقوں میں فلسطینیوں کی نقل و حرکت پر سخت فوجی پابندیوں کے سائے میں سامنے آئے ہیں۔
