مقبوضہ مغربی کنارہ – (مرکزاطلاعات فلسطین فاؤنڈیشن) فلسطین انفارمیشن مرکز “معطی” نے 31 جولائی سے چھ اگست سنہ 2026ء تک کے عرصے کے دوران مغربی کنارے میں فلسطینیوں کے خلاف قابض صہیونی فوج اور یہودی آباد کاروں کی طرف سے 1631 خلاف ورزیوں کے ارتکاب کی توثیق کی ہے۔
مرکز نے واضح کیا کہ ان خلاف ورزیوں میں فلسطینی شہروں، قصبوں اور کیمپوں پر 268 یلغاریں، گرفتاری اور حراست کے 138 معاملات، اس کے علاوہ 50 فائرنگ کے واقعات شامل ہیں، جن کے نتیجے میں 79 شہری زخمی ہوئے۔
رپورٹ میں فوجی چوکیوں پر تنگ کرنے کے 351 واقعات، فلسطینیوں کے گھروں اور املاک کی توڑ پھوڑ اور انہدام کے 84 اقدامات، اس کے علاوہ گھروں پر 189 دھاوے اور املاک کی ضبطی کے واقعات کی نگرانی کی گئی۔
اس نے اشارہ کیا کہ یہودی آباد کاروں نے 200 حملے اور نوآبادیاتی سرگرمیاں کیں، اس کے علاوہ مار پیٹ کے 12 حملے، مقدسات کو ہدف بنانے والی 161 خلاف ورزیاں، اور صحافیوں اور طبی عملے کے خلاف 4 خلاف ورزیاں کیں، جبکہ مغربی کنارے کے مختلف علاقوں میں بندش کی 92 کارروائیاں بھی کی گئیں۔
یہ اعداد و شمار مغربی کنارے کے طول و عرض میں قابض دشمن اور یہودی آباد کاروں کی خلاف ورزیوں میں مسلسل اضافے کے پس منظر میں سامنے آئے ہیں، جو کہ فلسطینیوں اور ان کی املاک کو ہدف بنانے والے مسلسل دھاووں، گرفتاریوں اور انہدام کے آپریشنز کے درمیان جاری ہیں۔
