اسرائیلی فوج نے مغربی کنارے کے تمام شہروں اور دیہاتوں میں کریک ڈاؤن میں 14 فلسطینیوں کو حراست میں لے کر نامعلوم مقام کی طرف منتقل کر دیا ہے۔ مقامی ذرائع کے مطابق گزشتہ رات اور آج علی الصبح کی گئی کارروائیوں میں رام اللہ، الخلیل، بیت لحم اور جنین کے شہری اغوا ہوئے۔ موصولہ اطلاعات کے مطابق اسرائیلی فوج نے ضلع بیت لحم کے جنوبی صنعتی علاقے بیت فجار کا گھیراؤ کیا اور صنعتوں میں استعمال ہونے والی بہت سی مشینری اور خام مال پر قبضہ کر لیا۔ دوسری جانب مغربی کنارے کے جنوبی ضلح الخلیل سے ایک عمر رسیدہ خاتون بھی اسرائیلی جارحیت کا شکار ہوئیں، اسی ضلع کے علاقے جبل جوہر میں قابض فوج نے شہری سعدی برقان کے گھر پر دھاوا بول کر زبردست توڑ پھوڑ کی اور ان کی 51 سالہ بیوی زھیرہ برقان کو حراست میں لے لیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اغوا کی گئی زھیرہ کے متعدد بیٹے پہلے ہی اسرائیلی عقوبت خانوں میں قید و بند کی صعوبتیں برداشت کر رہے ہیں، ان سب کو حماس کے عسکری ونگ القسام بریگیڈ کے دو رہنماؤں کو شہید کرنے کی کارروائی کے دوران ان کے گھر کا محاصرہ کر کے اٹھایا گیا تھا۔