مقبوضہ فلسطین کے1948ء کے علاقوں میں قائم فلسطینی شہریوں کی نمائندہ تنظیم تحریک اسلامی کے سربراہ شیخ رائد صلاح نے خبردار کیا ہے کہ اسرائیل مسجد اقصیٰ کو شہید کرنے کے لیے علاقائی جنگ چھیڑنا چاہتا ہے. اگر مشرق وسطیٰ میں کوئی جنگ چھڑی تو تیسری عالم جنگ کا باعث بنے گی. پوری دنیا جس کی لپیٹ میں آئے گی. ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کے روز رملہ جیل میں پانچ ماہ کی اسیری کے لیے جیل جانے سے قبل جیل کے دروازے پر موجود اپنے حـامیوں سے خطاب میں کیا. خیال رہے کہ اسرائیلی فوج اور پولیس نے شیخ رائد صلاح کو گذشتہ روز مقبوضہ فلسطین کے علاقے ام الفحم میں ان کے گھر سے انہیں حراست میں لیا. ان پر الزام ہے کہ انہوں نے 2007ء میں مسجد اقصیٰ کے قریب ایک جھڑپ میں ایک صہیونی پولیس اہلکار کو مکا مارا تھا. اس موقع پر شیخ رائد صلاح نے کہا کہ اسرائیل مسجد اقصیٰ کو یہودیوں اور مسلمانوں کے درمیان تقسیم کرنا چاہتا ہے. اس مقصد کےلیے وہ ایک اور علاقائی جنگ چھیڑنے کی کوشش کر رہا ہے تاکہ جنگ کی آڑ میں اپنے مذموم مقاصد حاصل کیے جا سکیں. انہوں نے مزید کہا کہ اسرائیل کی خطے میں چھیڑی گئی کوئی بھی جنگ پوری دنیا کو اپنی لپیٹ میں لے لے گی.اس لیے دنیا کے تمام زندہ اور بیدار ضمیر انسان اسرائیل کو کسی تیسری عالمی جنگ کی مہم سے روکیں. شیخ صلاح نے عالم اسلام اور عرب ممالک سے مطالبہ کیا کہ وہ بیت المقدس اور مسجد اقصیٰ کے تحفظ کے لیے متحد ہو جائیں. اتحاد کے بغیر مسجد اقصیٰ کا تحفظ نہیں کیا جا سکتا. تحریک اسلامی کے اسیر راہنما نے اسرائیل کو مخاطب کرتے کہا کہ اس کی پالیسیاں خود اس کے اپنے زوال کی علامت ہیں. اسرائیل نے انہیں جیل میں ڈال کر یہ ثابت کر دیا ہے کہ وہ حق اور سچ کی آواز کو برداشت نہیں کر سکتا. اسرائیل کے آزادی اظہار کے تمام دعوے بے بنیاد ثابت ہو چکے ہیں.