گذشتہ دنوں مسجد اقصیٰ پر انتہا پسند یہودی آباد کاروں کے حملوں کے خلاف ترکی میں زبردست احتجاجی مظاہرے کیے گئے ہیں۔ منگل کے روز ترکی میں نوجوانوں کی تنظیم”الپ آرینلیر” کے زیر اہتمام ایک بڑا احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ مظاہرے میں ہزاروں افراد نے شرکت کی۔ مظاہرین نے ہاتھوں میں بینرز اور کتبے اٹھا رکھے تھے جن پرقابض اسرائیل کی جانب سے مسجد اقصیٰ پرحملوں کی شدید مذمت اور مسجد اقصیٰ کے ساتھ اپنی عقیدت کےنعرے درج تھے۔ اس موقع پر مظاہرین نے یہودیوں کی فلسطین میں دہشت گردی اور قبلہ اول کی بے حرمتی کرنے پراسرائیل کے خلاف شدید نعرے بازی کی گئی جبکہ مظاہرین نے فلسطینی تحریک مزاحمت اور مجاہدین کے حق میں بھی نعرے لگائے۔ بعدا ازاں مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے تنظیم کے ایک مقامی راہنما نے کہا کہ اسرائیل ایک سازش کے تحت مسجد اقصیٰ کو نقصان پہنچانا چاہتا ہے۔ اپنے مذموم مقاصد کی تکمیل کے لیے اس نے انتہا پسند یہودیوں کو کھلی چھٹی دے رکھی ہے۔ انہوں نے عالم اسلام سے مطالبہ کیا کہ وہ اپنے اس تاریخی مقدس مقام کی حفاظت کے لیے متحد ہو کر کوششیں کریں۔