کراچی(فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات ) مسئلہ کشمیر حکومت کی بھرپور توجہ اور عملی اقدامات کا متقاضی ہے،عوام، حکومت اور افواج پاکستان مل کر کشمیر آزاد کروا سکتے ہیں۔
ان خیالات کا اظہارفلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے مرکزی سرپرست رہنماؤں بشمول سابق اراکین سندھ اسمبلی محفوظ یار خان، جماعت اسلامی کے نائب امیر مسلم پرویز، پاکستان مسلم لیگ (ق) کے رہنما سید طارق حسن، پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اسرار عباسی،مجلس وحدت مسلمین پاکستان سندھ کے صدر علامہ باقر زیدی،جمعیت علماء پاکستان کے صدر علامہ قاضی احمد نورانی صدیقی،جمعیت علماء اسلام (ف) کے رہنما مولانا عمر صادق، پائیلر کے چیئر مین کرامت علی اور فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل صابر ابو مریم،عمران شہزاد،صادق شیخ،آفاق خٹک و دیگر نے پانچ اگست یوم استحصال کی مناسبت سے منعقدہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
واضح رہے کہ حکومت کی اپیل پر ملک بھر میں پانچ اگست کو یوم استحصال منایاجارہا ہے۔ کانفرنس میں رہنماؤں نے مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی ریاستی دہشت گردی کے خاتمہ اور کشمیر کی آزادی کا مطالبہ کیا۔
کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ کشمیر کا مسئلہ اقوام متحدہ کی قرار دادوں کے مطابق حل کیا جائے اور اگر بھارت اپنی ریاستی دہشت گردی سے پیچھے نہیں ہوتا تو پھر کشمیری عوام کی مزاحمت کو ہر سطح پر تعاون اور حمایت پہنچائی جائے۔
ان کاکہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر میں بدترین مظالم کا سلسلہ جاری ہے اور عالمی برادری اور ادارے خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں، انہوں نے کہا کہ آج بھارت کشمیر میں اور غاصب صہیونیوں کی جعلی ریاست اسرائیل فلسطین میں بدترین انسانی حقوق کی پامالیوں کا ارتکاب کر رہے ہیں، مسئلہ کشمیراور فلسطین کا حل صرف اور صرف مسلح مزاحمت سے ہی ممکن ہے حکومت مسئلہ کشمیر کے حل کے لئے ٹھوس اور بھرپور حکمت عملی وضع کرے
مقررین کاکہنا تھا کہ فلسطین فلسطینیوں کا وطن ہے اور کشمیر کشمیریوں کا وطن ہے، دنیا کی کوئی طاقت فلسطین اور کشمیر کو ان کے اصل باشندوں سے جدا نہیں کر سکتی، بھارت اور اسرائیل دنیا کے امن کے لئے خطرہ ہیں، عالمی برادری ان کے خلاف ایکشن لے۔
انہوں نے حکومت پر بھی زور دیتے ہوئے کہا کہ کشمیر و فلسطین کے معاملہ پر کمزور خارجہ پالیسی نے فلسطین اور کشمیر کاز کو نقصان پہنچایا ہے، انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ زبانی جمع خرچ کی بجائے کشمیر کاز کے لئے عملی اور موثر اقدامات اٹھانے کی اشد ضرورت ہے۔ اس موقع پر مقررین کاکہنا تھا کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے اور فلسطین عالم اسلام کا قلب ہے۔ بھارت نے پاکستان کی شہ رگ پر قبضہ کر رکھا ہے جبکہ اسرائیل مسلم امہ کے قلب میں خنجر کی مانند ہے۔