فلسطینی مزاحمتی تنظیم اور قومی حقوق کے لیے صہیونی دشمن کے خلاف مسلح جدوجہد میں سرگرم جماعت جہاد اسلامی نے عزم ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ قابض دشمن کے خلاف لڑ کر اپنے حقوق حاصل کریں گے، جہاد اور تحریک آزادی سے دنیا کی کوئی طاقت مسلح جدوجہد کے استعمال سے نہیں روک سکتی. منگل کے روز ایک بیان میں جہاد اسلامی نے فلسطین کی تمام سیاسی اور مذہبی قوتوں پر زور دیا کہ وہ دشمن کی سازشوں بالخصوص بیت المقدس کو یہودیانے، مغربی کنارے میں یہودی بستیوں کی تعمیر اور اسرائیلی ریاستی دہشت گردی کا مقابلہ کرنے کے لیے تمام اختلافات کو ختم کر کے باہم متحد ہو جائیں. بیان میں کہا گیا کہ فلسطینیوں کے درمیان بے اتفاقی اور انتشار دشمن کی سازش ہے. فلسطینی اس امر کا ادراک کریں کہ دشمن انہیں گروہوں اور ٹکڑوں میں بانٹ کر فلسطینی قوم کی قوت کو پارہ پارہ کرنا چاہتا ہے. فلسطین میں تحریک انتفاضہ سے متعلق بیان میں کہا گیا ہےکہ یہ تاثر قطعی بے بنیاد اور غلط ہےکہ تحریک انتفاضہ ختم ہو چکی ہے. یہ بابرکت تحریک ماضی میں بھی جاری تھی آج بھی جاری ہے اور آئندہ بھی جاری رہے گی. بیان میں کہا گیا کہ فلسطینی عوام جنہوں نے تحریک انتفاضہ کی چنگاری سلگائی تھی. وہ اب بھی اس چنگاری کو ایک نئے شعلہ میں تبدیل کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں. جہاد اسلامی کا کہنا تھا کہ فلسطین میں تحریک انتفاضہ جیسی بابرکت اور مقدس عوامی تحریک نے دشمن کے ناپاک منصوبوں کو بری طرح نقصان پہنچایا اور اسرائیل کئی محاذوں پر پسپا ہوا. اب بھی فلسطینی عوام میں یہ شعور پیدا کرنے کی ضرورت ہےکہ وہ تحریک انتفاضہ کی مدھم پڑتی لو کو تیز کرنے کے لیے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کرنے کےلیے تیار رہیں.