سابق برطانوی ممبر پارلیمنٹ جارج گیلوے نے کہا کہ لائف لائن4 غزہ کیلئے سب سے بڑے امدادی کاررواں میں شامل ہوگا جو ستمبر کے وسط میں غزہ محصورین کی امداد کیلئے روانہ ہو گا۔ لندن میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ لائف لائن4 ان امدادی کارروانوں میں شامل ہوگا جو خلیج عرب اور شمالی افریقا سے آئیں گے۔انہوں نے کہا کہ ویوا فلسطینا فریڈم فلوٹیلا دوم کا اہم حصہ دار ہوگا۔ سابق برطانوی ممبر پارلیمنٹ نے اپنے خطاب میں کہا کہ فریڈم فلوٹیلا پر اسرائیلی حملے نے دنیا کے سامنے اسرائیل کا مکروہ چہرہ پوری طرح بے نقاب کیا۔ اسی مناسبت سے مصری مہم برائے انسداد غزہ محاصرہ کے منتظمین نے اعلان کیا ہے کہ وہ 23 جولائی کو غزہ کی طرف فریڈم فلوٹیلا 2روانہ کریں گے۔ منتظمین نے مصر کی طرف سے غزہ کی طرف امدادی کانوائے بھیجنے پر ہٹ دھرمی کا رویہ اختیار کرنے اور رفح سرحد کو کھولنے کے فیصلے پر عملدرآمد نہ کرنے پر مصری حکام کی مذمت کی ہے۔