جنگ نیوز کے مطابق مفتی اعظم پاکستان اور تنظیم مدارس اہلسنت کے سربراہ پروفیسر مفتی منیب الرحمن اور جماعت اسلامی سندھ کے امیر ڈاکٹر معراج الہدیٰ صدیقی نے مسجد اقصیٰ کے نزدیک یہودی بستیوں کی تعمیر کی بھرپور مذمت کرتے ہوئے تمام اسلامی برادری سے اپیل کی ہے کہ وہ قبلہٴ اول کے تحفظ کیلئے زبانی جمع خرچ کی بجائے عملی اقدامات کرے۔ جیو نیٹ ورک کے مقبول ترین پروگرام ”عالم آن لائن“ میں ہردلعزیز ڈاکٹر عامر لیاقت حسین سے گفتگو کرتے ہوئے ان علمائے کرام نے صیہونی عزائم کی تکمیل کیلئے مسجد اقصیٰ سے ملحقہ حصے میں یہودی عبات گاہ اور بستیوں کی تعمیر کو مسلمانوں کے خلاف ایک منظم سازش قرار دیتے ہوئے تمام اسلامی ممالک سے اسرائیل کے سیاسی،سماجی،اقتصادی اور سفارتی بائیکاٹ کی اپیل کی ہے۔ مفتی منیب الرحمن نے اس واقعے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ صیہونی پروٹوکول میں لکھا ہے کہ ہیکل سلیمانی کے بغیر یروشلم مکمل نہیں ہو گا اور انہی عزائم کی تکمیل کیلئے مسجد اقصیٰ کو شہید کرنے کی سازش کی جا رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ اسلام دوسرے مذاہب کے مقدس مقامات کی توہین کی اجازت نہیں دیتا،یہی وجہ ہے کہ اس کرہٴ ارض کے جس خطے میں مسلمان اقتدار میں آئے وہاں غیر مسلموں کے تاریخی ورثے کو کوئی نقصان نہیں پہنچایا گیا۔انہوں نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ رنگ و نسل اور مذہب سے بالاتر ہو کر انسانیت کے ناتے مظلوم فلسطینیوں کو ان کا حق دلوائے۔ڈاکٹر معراج الہدیٰ صدیقی نے اس واقعے کو عالم اسلام کی بے حسی اور انتشار کا شاخسانہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اسرائیل 60 برس سے مظلوم فلسطینیوں پر ظلم کے پہاڑ توڑ رہا ہے اور مسلمان ممالک اور او آئی سی بے حسی کا مجسمہ بنے ہوئے ہیں۔انہوں نے دنیا بھر سے یہودیوں کو فلسطین میں لاکر آباد کرنے اور مقامی آبادی کو دربدر کرنے کے عمل کو شرمناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ اقلیت کو اکثریت میں تبدیل کرنے کا مجرمانہ فعل ہے۔امریکہ کے دہرے کردار پر تبصرہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ امریکا کی پوری تاریخ ہی بے وفائی سے عبارت ہے اور اسی کی شہ پر اسرائیل،فلسطینیوں اور بھارت کشمیریوں پر ظلم و ستم کے پہاڑ توڑ رہا ہے۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ او آئی سی فوری طور پر اس اہم معاملے پر اجلاس بلا کر کوئی متفقہ لائحہ عمل تیار کرے۔پروگرام کے اختتام پر ہردلعزیز ڈاکٹر عامر لیاقت حسین نے اپنے مخصوص دل آویز انداز میں صیہونی منافقت کا پردہ چاک کرتے ہوئے کہا کہ صیہونی گماشتے ہیکل سلیمانی کی تعمیر و توسیع حضرت سلیمان علیہ السلام کی محبت میں نہیں بلکہ علاقائی برتری کے زعم اور مسلمانوں سے بغض و عداوت کی بناء پر کر رہے ہیں۔بعدازاں جیو نیوز اور جیو کے دفاتر میں ناظرین کی ٹیلی فون کالزکا تانتا بندھ گیا اور ناظرین کی بڑی تعداد نے بڑھتے ہوئے صیہونی عزائم پر اپنی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ڈاکٹر عامر لیاقت حسین کو عالم اسلام کے خلاف ہونے والی سازشیں بے نقاب کرنے پر بھرپور خراج تحسین پیش کیا۔