معروف مذہبی اسکالر اور عالمی علما اتحاد کے چیئرمین ڈاکٹر یوسف القرضاوی نے عالم اسلام سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ آئندہ جمعۃ المبارک کو مسجد اقصیٰ میں یہودی حملوں کے خلاف یوم سیاہ کے طور پرمنائیں۔ پیر کے روز مصری دارالحکومت قاہرہ میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہودیوں کی مسجد اقصیٰ کے حوالے سے سازشیں حدود سے تجاوز کر چکی ہیں، ایسے میں عالم اسلام کا فرض ہے کہ وہ اپنے تاریخی مقدس مقام کی حفاظت کے لیے اٹھ کھڑے ہوں۔ انہوں نے کہا کہ پوری دنیا میں جمعہ کے روز مسجد اقصیٰ کی نصرت اوراسرائیلی مظالم کے خلاف مظاہرے ہونے چاہئیں۔ انہوں نے کہا کہ عرب دنیا میں قبلہ اول پر یہودیوں کے حملوں پر خاموشی طاری ہے جو اسرائیل کو اپنے ناپاک عزائم جاری رکھنے کا موقع فراہم کر رہی ہے۔