پاکستان مسلم لیگ نواز کے رہنما سید اظہر شاہ حمدانی کی فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کی مرکزی سرپرست کمیٹی میں شمولیت
پاکستان مسلم لیگ نواز کے رہنما سید اظہر شاہ حمدانی کا فلسطین فاؤنڈیشن کے وفد سے ملاقات میں اظہار خیال
کراچی( )پاکستان مسلم لیگ نواز کے رہنما وفاقی وزیر برائے مذہبی امور کے ترجمان سید اظہر شاہ حمدانی نے کہا ہے کہ قبلہ اول بیت المقدس کی بازیابی نا گزیر ہے، اسرائیل ایک غیر قانونی اور جارح ریاست ہے ، فلسطینیوں کی فلسطین واپسی کی مکمل حمایت کرتے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ روز مرکز قمر الاسلام میں فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے وفد سے ملاقات کے دوران کیا، فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے وفد نے علامہ قاضی احمد نورانی صدیقی کی قیادت میں ملاقات کی ، وفد میں فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے مرکزی ترجمان صابر کربلائی اور محمد یاسر سمیت دیگر بھی موجود تھے۔
فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے وفد سے ملاقات کے دوران پاکستان مسلم لیگ نوا ز کے رہنما کاکہنا تھا کہ فلسطین کی آزادی کی جد وجہد کو اپنا شرعی اور اخلاقی فریضہ سمجھتا ہوں اور فخر محسوس کرتا ہوں کہ ہم بھی فلسطینی مظلوموں کے لئے سر زمین پاکستان پر آواز بلند کر رہے ہیں، انہوں نے فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کی سرگرمیوں کے بارے میں گفتگو کرتے ہوئے فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے کردار کو سراہا اور خراج تحسین پیش کیا۔
اس موقع پر فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے رہنما علامہ قاضی احمد نورانی صدیقی اور صابر کربلائی نے سید اظہر شاہ حمدانی کو فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کی جانب سے ’’یوم نکبہ‘‘ کی مناسبت سے شروع کئے جانیو الے پروگراموں کی تفصیلات سے بھی آگا ہ کیاجبکہ سید اظہر حمدانی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے انہیں مئی میں جاری فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کی مہم ’’یوم نکبہ‘‘ ’’یوم واپسی فلسطین‘‘ کے بارے میں تفصیلات بتاتے ہوئے مختلف پروگراموں کے بارے میں بریفنگ بھی دی۔اس موقع پر فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے رہنماؤں نے سید اظہر حمدانی کو فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کی مرکزی سرپرست کونسل میں شمولیت کی دعوت دی جسے انہوں نے قبول کر لیا۔
واضح رہے کہ سنہ1948ء میں 15مئی کو غاصب اسرائیل نے سات لاکھ سے زائد مظلوم اور نہتے فلسطینیوں کو ان کے گھروں سے بے گھر کر دیا تھا اور جبری طور پر فلسطین کے باشندوں کو فلسطین سے جلا وطن کر دیا گیا تھا۔تاہم اس روز کو فلسطینی بہت بڑی مصیبت اور تباہی کا دن قرار دیتے ہیں اور اس دن کو ’’یوم نکبہ‘‘ کہا جاتا ہے یعنی مصیبت اور تباہی کا بد ترین دن۔