غزہ کی پٹی کے جنوبی قصبے خان یونس میں قابض اسرائیلی فوج نے پیش قدمی کرتے ہوئے فلسطینیوں کی کاشتہ اراضی میں بلڈوزر چلا دئیے ہیں۔ مقامی ذرائع نے مرکز اطلاعات فلسطین کے رپورٹر کو بتایاہے کہ اسرائیلی فوجی چارٹینکوں اور دوبلڈوزوروں کے ساتھ فلسطینیوں کی اراضی پر دوسو میٹر اندر تک چلے گئے۔درایں اثناء اسلامی تحریک مزاحمت (حماس) نے غزہ کی پٹی میں قابض اسرائیلی فوجیوں کی جارحانہ کارروائیوں پر مبنی ماہانہ رپورٹ میں کہا ہے کہ اسرائیلی فوجیوں نے غزہ شہر میں ایک فلسطینی شہری کو شہید کردیا اور مغربی کنارے میں ایک سو ساٹھ فلسطینیوں کو گرفتار کرلیا ہے۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اسرائیلی فوجیوں نے غزہ شہر کے جنوب مشرق میں دراندازی کے دوران فلسطینی شہری کو شہید کیا تھا اور انہوں نے غزہ اور مغربی کنارے میں ستانوے چھاپہ مار کارروائیاں کی تھیں۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ فلسطینی اتھارٹی کے سربراہ محمود عباس کی وفادار عباس ملیشیا نے ماہ نومبر کے دوران حماس کے ایک سو ترانوے کارکنان یا حامیوں کو گرفتار کرلیا ہے۔ رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ رام اللہ کی غیر قانونی حکومت نے حماس کے حامیوں کے خلاف اوچھے ہتھکنڈے جاری رکھے ہوئے ہیں اور بیسیوں اساتذہ اور سرکاری ملازمین کو ان کی سیاسی وابستگیوں کی بنا پر ہٹا دیا گیا ہے۔ درایں اثناء محمودعباس کی ملیشیاؤں نے حماس کے حامیوں کو جیلوں میں قید رکھنے کا عمل جاری رکھا ہوا ہے اور گزشتہ چند روز کے دوران انہوں نے قلقلیہ،نابلس اور الخلیل کے علاقوں سے پندرہ اور افراد کو گرفتا ر کرلیا ہے