کراچی ( فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) ناصر شیرازی کا کہنا تھا کہ قائد اعظم نے نیویارک ٹائمز کو انٹر ویو دیتے ہوئے کہا تھا کہ ہم فلسطینیوں کی مدد کیلئے ہر ممکن حد تک جائیں گے چاہے اس کیلئے ہمیں پرتشدد طریقہ کار بھی اختیار کرنا پڑا تو کریں گے۔
صدر مرکز مطالعات برائے پاکستان و خلیج فارس ناصر شیرازی نے فلسطین فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام “جناح اور فلسطین ” کے عنوان سے منعقد ویبنا ر میں میں صیہونی ریاست اسرائیل کے حوالے سے افکار پر گفتگوکرتے ہوئے کہا ہے ممالک کی تعمیر اور ترقی میں اس ملک کے تاریخی پس منظر اور اس کی نظریات سب سے زیادہ اہمیت رکھتی ہے کوئی بھی ملک اپنے نظریات اور اپنی تاریخی پس منظر سے کٹ کر قائم نہیں رہ سکتا جیسا کہ ہم اگر کسی درخت کی جڑ کو کاٹ دیں تو ممکن ہے کہ کچھ دن وہ درخت زندہ رہے لیکن اس کا زیا دہ دن زندہ رہنا کسی صورت ممکن نہیں ہے ۔
انھوں نے کہا کہ قائد اعظم محمد علی جناح کی سربراہی میں برصغیر کے مسلمانوں نے اپنے تاریخی پس منظر اور اپنے نظریئے کی بنیاد پر پاکستان کو ایک عالمی طاقت برطانیہ سے حاصل کیا اور آج ملک دشمن عناصر آج اس نظریئے کے خلاف کام کررہے ہیں جن میں سیاسی ، سماجی ، مذہبی ، معاشرتی ، صحافی اور نام نہاد دانشور آج اس نظریئے کے خلاف کام کررہے ہیں اور دلیل یہ دے رہے ہیں کہ دنیا نئے دور میں داخل ہورہی ہے اور پوری دنیا اسرائیل کو تسلیم کررہی ہے اس لئے ہم کو بھی اس بارے میں سوچنا چاہئے یہ ہے وہ نظریہ جس کو ختم کرنے کی کوشش کی جارہی ہے اگر یہ نظریہ ختم ہوگیا تو ہم اپنی جڑوں سے بھی محروم ہوکر ختم ہوجائیں گے۔
اسرائیل کو تسلیم کرنے کے حوالے سے پاکستان میں بعض عناصر کی جانب سے گفتگو پر تنقید کرتےہوئے ناصرشیرازی کا کہنا تھا کہ قائد اعظم محمد علی جناح نے لکھنؤ 1937میں اپنے نظریئے کو پیش کرتے ہوئے کہا تھا کہ میں آج یہاں صرف ہندوستان کے مسلمانوں کیلئے نہیں بلکہ ساری دنیا کے مسلمانوں کیلئے بات کررہا ہوں، 1940میں قائداعظم محمد علی جناح نے واضح الفاظ میں فرمایا تھا کہ یہ ہمار ا فرض ہے کہ دنیا میں کہیں بھی مسلمان ظلم کا شکار ہو تو ہم اس کی مدد کو پہنچیں، انھوں نے کہا کہ قائد اعظم کے فرمان کے مطابق آج بھی ہمارا نظریہ بانی پاکستان کے نظریےکو آگے لیکر چلناہے۔
انھوں نے بتایا کہ بانی پاکستان نے نیویارک ٹائمز کو انٹر ویو دیتے ہوئے بالکل واضح طور پر کہا تھا کہ ہم فلسطینیوں کی مدد کیلئے ہر ممکن حد تک جائیں گے چاہے اس کیلئے ہمیں پرتشدد طریقہ کار بھی اختیار کرنا پڑا تو کریں گے۔
ناصر شیرازی نے کہا کہ مقبوضہ فلسطین کی ہرسطح پر حمایت اور ناجائز ریاست اسرائیل کی مخالفت بانی پاکستن قائد اعظم محمد علی جناح کی جانب سے وضح کردہ پاکستان کی خارجہ پالیسی کا سب سے اہم جز ہے۔