کراچی ( فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات)فلسطین فائونڈیشن پاکستان کی مرکزی سرپرست کمیٹی کے اراکین بشمول متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے سابق رکن سندھ اسمبلی محفوظ یار خان ،جماعت اسلامی کے نائب امیر مسلم پرویز، پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اسرار عباسی،مجلس وحدت مسلمین سندھ کے صدر مولانا باقر زیدی، پاکستان مسلم لیگ نواز کے رہنما پیرزاد ہ ازہر علی شاہ ہمدانی، جمعیت علماء پاکستان سندھ کے صدر علامہ قاضی احمد نورانی صدیقی، آل پاکستان سنی تحریک کے صدر صدیق قادری، جعفریہ الائنس پاکستان کے سیدشبر رضا، پائیلر کے ذوالفقار شاہ، آل پاکستان سنی تحریک کے صدیق قادری اور فلسطین فائونڈیشن پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل صابر ابو مریم نے کراچی پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ فلسطین کا مسئلہ دنیا کے تمام مسائل میں سب سے زیادہ اہمیت کا حامل اور پہلا مسئلہ ہے۔ان کاکہنا تھا کہ دنیا بھر میں مسائل کی جڑ سامراجی نطام اور شیطان بزرگ امریکہ اور اس کی ناجائز اولاد اسرائیل کا ناپاک وجود ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوںنے فلسطین پر صہیونیوں کی جعلی ریاست اسرائیل کے قیام کے اکہتر سال مکمل ہونے کی مناسبت سے یوم نکبہ کے عنوان سے کیا ۔واضح رہے کہ عالمی استعمار کی سربراہی میں پندرہ مئی سنہ 1948ء کو صہیونیوں نے فلسطین پر جعلی ریاست اسرائیل قائم کی تھی اس دن کو فلسطینی عوام یوم نکبہ یعنی تباہی و بربادی کا دن کے عنوان سے یاد کرتے ہیں۔ مقررین کاکہنا تھا کہ ماہ رمضان المبارک اور مئی کے مہینہ کی مناسبت سے ملک بھر میں یکجہتی فلسطین کے عنوان سے مہم بعنوان ’’علی طریق القدس‘‘ یعنی ’’القدس کی آزادی کے راستے پر گامزن‘‘ کا اعلان کیا گیا ہے۔ اس مہم کا مقصد فلسطینی عوام کے حق واپسی عالمی تحریک کی مکمل حمایت کرنا ہے۔قبلہ اول بیت المقدس کی بازیابی کی جد وجہد اور اس مناسبت سے جمعۃ الوداع عالمی یوم القدس پر دنیا بھر میں القدس کی آزادی کی جد وجہد تیز کرنا اور اس کی حمایت کرنا ہے۔’’علی طریق القدس‘‘ کے عنوان سے ملک بھر میں منعقد کئے جانے والے پروگراموں میں، مورخہ انیس مئی بروز اتوار کو کراچی میں مقامی ہوٹل میں ’’القدس کانفرنس‘‘ کا انعقاد کیا جائے گا جس میں سابق گورنر سندھ محمد ذبیر،جماعت اسلامی کے امیر سینیٹر سراج الحق، ایم کیوایم پاکستان کے رہنما فاروق ستار،مجلس وحدت مسلمین پاکستا ن کے سربراہ علامہ راجہ ناصر عباس سمیت ملک کی سیاسی ومذہبی جماعتوں کے قائدین اور رہنما شریک ہوں گے۔اسلام آباد میں ’’القدس کانفرنس ‘‘ کا انعقاد پارلیمنٹری فورم برائے فلسطین و کشمیر کے اشتراک سےسینیٹر مشاہد حسین سید کی سربراہی میں مورخہ تئیس مئی جمعرات کو پارلیمنٹری سروس آڈیٹوریم میں کانفرنس کا انعقاد کیا جائے گا جس میں پاکستان میں موجود فلسطین کے سفیر مہمان خصوصی ہوں گے اور فاقی وزیر برائے انسانی حقوق محترمہ شیریں مزاری ، سینیٹر فرحت اللہ بابر، سینیٹر افراسیاب خٹک اور چیئرمین کشمیرکمیٹی سید فخر امام سمیت فلسطین فائونڈیشن پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل صابر ابو مریم شرکت اور خطاب کریں گے۔کوئٹہ میںبائیس رمضان المبارک کو گول میز کانفرنس کا انعقاد کیا جائے گا جبکہ لاہو ر،ملتان، حیدر آباد او ر سکھر میں آل پارٹیز پر یس کانفرنسز کا انعقاد کیا جائے گا۔جمعۃ الوداع عالمی یوم القدس کی مناسبت سے چوبیس اور پچیس رمضان المبارک کو ایم اے جناح روڈ پر دو روزہ تصویری نمائش بعنوان آزادی فلسطین و القدس لگائی جائے گی۔انہوں نے میڈیا مالکان اور ذرائع ابلاغ کے بااثر شخصیات سے اپیل کی کہ وہ فلسطین پر صہیونیوں کی جعلی ریاست کے قیام ’’یوم نکبہ‘‘ اور قبلہ اول کی بازیابی کی عالمی تحریک بالخصوص جمعۃ الوداع ’’عالمی یوم القدس‘‘ کی مناسبت سے خصوصی نشریات کا آغاز کریں ۔انہوں نے ملک بھرمیں موجود علماء ، خطباء اورآئمہ جمعہ سے اپیل کی ہے کہ جمعہ ناز کے اجتماعات میں فلسطینیوں کے حقوق کے دفاع کی بات کریں اور یوم القدس کے روز پاکستان بھر کی سڑکوں پر فلسطین کی آزادی کے نعرے گونج اٹھیں جبکہ امریکہ مردہ باد اور اسرائیل نامنظور کی صدائوں سے امریکی و صہیونی ایوان لرز براندام ہو جائیں۔