بائیس جولائی کو ہونے والی بین الاقوامی فلسطین کانفرنس میں شرکت کی دعوت
کراچی( )فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے وفد نے جمعیت علماء پاکستان اور فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے مرکزی رہنما علامہ قاضی احمد نورانی صدیقی کی سربراہی میں ڈپٹی اسپیکر سندھ اسمبلی شہلا رضا سے ملاقات کی ہے اور محترمہ شہلا رضا کو بائیس جولائی کو منعقد ہونے والی بین الاقوامی یکجہتی فلسطین کانفرنس میں شرکت کی دعوت دی۔اس موقع پر فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے مرکزی ترجمان صابر کربلائی اور ورکنگ کمیٹی کے ممبر سید مدثر حسین اور دیگر بھی موجود تھے۔
فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے وفد سے ملاقات کے دوران ڈپٹی اسپیکر سندھ اسمبلی شہلا رضا کاکہنا تھا کہ فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان ملک بھر میں فلسطینی مسلمانوں سے اظہار یکجہتی کر کے در اصل مسلم امہ کے اجتماعی مسائل پر روشنی ڈال رہی ہے جس کی جتنی تعریف کی جائے کم ہے ، محترمہ شہلا رضا نے فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے تاسیس اور کارکردگی کو سراہتے ہوئے خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ وہ بائیس جولائی کو کراچی میں منعقدہونے والی بین الاقوامی یکجہتی فلسطین کانفرنس بعنوان ” فلسطین مسلم امہ کے اتحا د کا مظہر ہے” میں یقینی شرکت کریں گی۔اس موقع پر فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے مرکزی ترجمان صابر کربلائی نے محترمہ شہلا رضا کا شکریہ ادا کیااور کہا کہ پاکستان کے عوام فلسطینیوں کو تنہا نہیں چھوڑیں گے اور مسئلہ فلسطین کے حل کے لئے سیاسی و اخلاقی حمایت کرتے رہیں گے۔