کراچی: ( فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) ملی یکجہتی کونسل کے مرکزی ڈپٹی جنرل سیکرٹری اور البصیرہ ریسرچ انسٹیٹیوٹ کے چیئر مین ثاقب اکبر نے کہا ہے کہ فلسطین عالم اسلام کے مابین اتحاد و وحدت کا محور ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کے روز ایک وفد کے ہمراہ فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل ڈاکٹر صابر ابو مریم سے خصوصی ملاقات کے دوران کیا۔ ملاقات میں معروف مذہبی اسکالر مفتی محمد ہاشم، مجتبی زمانی اور دیگر موجود تھے۔
ملی یکجہتی کونسل پاکستان کے مرکزی رہنما ثاقب اکبر نے کہا کہ آئے روز قبلہ اوّل پر صہیونی حملوں میں اضافہ ہو رہا ہے اور عالمی برادری بالخصوص مسلم دنیا خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے۔ فلسطین پر صہیونیوں کے غاصبانہ تسلط میں روز بروز اضافہ ہورہا ہے۔
فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل ڈاکٹر صابر ابو مریم نے مسئلہ فلسطین کی موجودہ صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے وفد کے اراکین کو بتایا کہ فلسطین اور مسلمانوں کا قبلہ اوّل مسجد اقصی خطرے میں ہے۔ القدس کے آئمہ کو صہیونیوں کی جانب سے دہشتگردی کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ فلسطینی باشندوں کو غیر قانونی صہیونی حراست میں رکھا جا رہا ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ فلسطینی قیدیوں نے اپنی رہائی کے لئے صہیونی جیلوں میں تا دم مرگ بھوک ہڑتال کر رکھی ہے۔ معصوم بچوں اور خواتین کو بد ترین صہیونی مظالم کا سامنا ہے۔ ایسے حالات میں چند عرب ریاستیں بشمول متحدہ عرب امارات، بحرین، سعودی عرب اور دیگر اسرائیل کے ساتھ تعلقات قائم کر رہے ہیں، عرب امارات میں صہیونیوں نے نمائش گاہ لگا رکھی ہے۔ عرب دنیا کے یہ اقدامات نہ صرف فلسطین کاز کے خلاف ہیں بلکہ فلسطینیوں کی پیٹھ میں خنجر گھونپنے کے مترادف ہے۔
ملی یکجہتی کونسل پاکستان کے رہنما نے اپنے تاثرات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان ملک بھر میں بے مثال کردار ادا کر رہی ہے ۔ جہاں مسئلہ فلسطین کی اہمیت کو اجاگر کیا جا رہا ہے وہاں معاشرےمیں باہمی اتحاد اور وحدت کو بھی فروغ حاصل ہو رہا ہے ۔ انہوں نے فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کی مسلسل جدوجہد کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ ملی یکجہتی کونسل پاکستان اس کاز کے لئے فلسطین فاؤنڈیشن کا بھرپور ساتھ جاری رکھے گی۔
فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر صابر ابو مریم نے مہمانوں کو فلسطینی رومال کا تحفہ بھی پیش کیا۔