مشرقی غزہ کی پٹی میں جمعہ کے روز فلسطینی مزاحمت کاروں کی ایک منفرد کارروائی کے نتیجے میں دو اسرائیلی فوجی ہلاک جبکہ ان کے دو دوسرے ساتھی زخمی ہو گئے۔ ادھر اسرائیلی ذرائع ابلاغ میں صہیونی فوجیوں کو اغوا کرنے کی کوششوں سے متعلق خبریں گرم ہیں۔
اسرائیلی میڈیا کے مطابق جنوبی غزہ کی پٹی میں خانیونس کے مشرق علاقے میں صہیونی فوجیوں کی ایک گشتی پارٹی مجاہدین کی طرف سے سڑک کنارے نصب بارودی سرنگ کے دھماکے کا نشانہ بنی، جس میں دو فوجی ہلاک اور دو زخمی ہو گئے۔ انہی ذرائع ابلاغ کا کہنا ہے کہ فلسطینی مجاہدین کی جانب سے اسرائیلی فوجیوں کو اغوا کرنے کی ایک پیچیدہ کوشش کو ناکام بنا دیا گیا ہے۔
مقامی ذرائع نے مرکز اطلاعات فلسطین کو بتایا ہے کہ مجاہدین اور اسرائیلی فوجیوں کے درمیان اس وقت مڈبھیڑ ہوئی کہ جب انہوں نے مشرقی خانیونس کے علاقے نیوعبسان میں دراندازی کی کوشش کی۔ اسرائیلی فوج کے توپخانے نے دراندازی کے وقت علاقے میں شدید گولہ باری کی، جس سے ایک شہری کے زخمی ہونے کی اطلاع ہے۔