فلسطین میں قابض صہیونی قبضے کے خلاف سرگرم تنظیم جہاد اسلامی نے مجاہدین سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اسرائیلی جیلوں میں پابند سلاسل شہریوں کی رہائی کے لیے یہودی فوجیوں کو گرفتار کرنے کے آپریشن کریں۔
اتوار کے روز غزہ میں اسرائیلی عقوبت خانوں میں بند فلسطینی اسیران کے اہل خانہ نے یکجہتی مارچ کیا، اس موقع پر جہاد اسلامی کے مرکزی راہنما خالد البطش نے کہا کہ جتنے زیادہ یہودی فوجیوں کو گرفتار کیا جائے گا ان کے بدلے میں اتنے فلسطینی اسیران کی رہائی کو ممکن بنایا جا سکے گا۔ انہوں نے مزاحمت کار تنظیموں پر زور دیا کہ وہ اسرائیلی فوج کے خلاف اپنی کارروائیوں میں صہیونی فوجیوں کی گرفتاری پر خصوصی توجہ دیں
خالد بطش نے عرب ممالک پرزوردیا کہ وہ فلسطینی قیدیوں کی رہائی کو اپنی حکومتوں کے اولین ایجنڈے میں شامل کریں۔
اس موقع پرغزہ میں قائم انسانی حقوق کی عالمی تنظیم”ریڈکراس” کے باہر قیدیوں کے اہل خانہ نے اسیران کی رہائی کے لیے مظاہرہ کیا۔ مظاہرے میں دیگر شہریوں اور انسانی حقوق کے نمائندوں کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔
فلسطینی شہریوں کی جانب سے یہ مظاہرہ ایک ایسے وقت میں کیا گیا ہےجبکہ اسرائیل کی مختلف جیلوں صہیونی جیل انتظامیہ کے خلاف فلسطینی قیدیوں کی بھوک ہڑتال جاری ہے۔