( فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) حماس ترجمان نے کہا ہے کہ نزار بنات کےبہیمانہ قتل کےخلاف احتجاجی مظاہروں پر اتھارٹی کے تشدد پر خبردار کرتے ہیں کہ اس طرح کے اقدامات کے سنگین نتائج برآمد ہونگے.
تفصیلات کے مطابق گذشتہ روزمقبوضہ فلسطین میں صہیونی ریاستی دہشت گردی کے خلاف بر سر پیکار اسلامی تحریک مزاحمت حماس کے ترجمان حازم قاسم کی جانب سے بیان میں فلسطینی کارکن اور نقاد نزار بنات کے فلسطینی اتھارٹی کے اہلکاروں کے ہاتھوں بہیمانہ قتل کےخلاف احتجاجی مظاہرین پر اتھارٹی کی جانب سے پر تشدد کارروائیوں کے حوالے سے خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس طرح کے اقدامات کے سنگین نتائج برآمد ہوسکتے ہیں.
انہوں نے مقبوضہ فلسطینی علاقوں رام اللہ اور الخلیل میں احتجاجی مظاہرین پر تشدد کی مذمت کرتے ہوئے سکیورٹی اداروں سے مطالبہ کیا کہ وہ عوام کے تحفظ کو یقینی بنائیں دوسری صورت میں نتائج کے ذمہ داری سیکورٹی اداروں پر ہو گی۔
انہوں نے نزار بنات کے قتل کی شدید مذمت کی اور اتھارٹی کی اس دہشت گردی کےخلاف عوامی مظاہروں کی کال جاری کرتے ہوئے کہا کہ سیکورٹی اداروں نے نزار بنات کی شہادت سے سبق نہیں لیا اور فلسطینیوں سے مسلسل خیانت جاری رکھی ہوئی ہے جس کے بعد وقت آ پہنچا ہے کہ خود ساختہ فلسطینی اتھارٹی کے مظالم کے خلاف آواز بلند کی جائے۔
خیال رہے کہ نزار بنات کے قتل کی مذمت کرتے ہوئے تحریک جہاد اسلامی اور تحریک احرار سمیت دیگر فلسطینی سماجی حلقوں کی جانب سے بھی فلسطینی اتھارٹی کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے عہدیداران سے مستعٰفی ہونے کا مطالبہ کیا جارہا ہے جبکہ ڈیموکریٹک تحریک آزادی فلسطین نے بھی خود ساختہ اتھارٹی سے معذرت خواہی کا مطالبہ کیا اور کہا کہ سیکورٹی ادارے فلسطینیوں پر تشدد کی جگہ ان کی حمایت کے حوالے سے کام کریں۔