فلسطینی اتھارٹی نے مقبوضہ فلسطین میں انسانی حقوق کے متعلق اقوام متحدہ کے نمائندے رچرڈ فالک سے اپنا منصب چھوڑنے کا مطالبہ کردیا- رچرڈ فالک نے اخباری بیان میں کہاکہ ’’فلسطینی اتھارٹی نے اس دعوے کے ساتھ مجھ سے اپنے منصب سے علیحدہ ہونے کا مطالبہ کیا ہے کہ میں اپنی ذمہ داریاں ادا کرنے کی اہلیت نہیں رکھتا- ‘‘ رچرڈ فالک نے فلسطینی اتھارٹی کے مطالبے پر ناپسندیدگی کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ وہ اپنے عہدے سے علیحدہ ہونے کا ارادہ نہیں رکھتے اور غیر جانبدارانہ طریقے سے اپنے فرائض سرانجام دیتے رہیں گے- فلسطینی اتھارٹی کو چاہیے کہ وہ ان پر غیر ضروری دباؤ نہ ڈالے- واضح رہے کہ رچرڈ فالک نے غزہ جنگ کے متعلق اپنی رپورٹ میں واضح کیاتھاکہ اسرائیلی فوج نے فلسطینی عوام اور شہری عمارتوں کو ٹارگٹ کیا- فلسطینی اتھارٹی نے اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کی کونسل میں اس رپورٹ پر بحث کو اس دعوے کے ساتھ ملتوی کردیا کہ اس سے فلسطینی مفادات کو نقصان ہوگا-