کراچی (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کی جانب ست کراچی میں دو روزہ تصویری نمائش بعنوان ’’القدس فلسطین کا دارلحکومت اور فلسطینیوں کی فلسطین واپسی‘‘ کا انعقاد ایم اے جناح روڈ پر کیا گیا۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق تصویری نمائش کا افتتاح سیاسی ومذہبی رہنماؤں بشمول فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل صابر ابو مریم، پاکستان پیپلز پارٹی کے سینیٹر تاج حیدر ، جماعت اسلامی سندھ کے امیر ڈاکٹر معراج الہدیٰ، متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے سابقہ اراکین سندھ اسمبلی محفوظ یار خان، میجر (ر) قمر عباس، مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے علامہ احمد اقبال، علامہ باقر زیدی،سابق رکن قومی اسمبلی مظفر ہاشمی، پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اسرار عباسی، ارم بٹ، سابق مشیر برائے حکومت پاکستان ڈاکٹر عالیہ امام، جعفریہ الائنس پاکستان سے تعلق رکھنے والے معروف سماجی رہنما سید شبر رضا، پاکستان مسلم لیگ نواز کے رہنما پیر زادہ ازہر علی شاہ ہمدانی، معروف سماجی خاتون رہنما فرزانہ برنی، عمران شہزاد،عمران خان، محمد اکبر اور دیگر نے کیا ۔
دوروزہ تصویری نمائش میں عالمی یوم القدس کی ریلی میں شریک ہزاروں خواتین اور بچوں سمیت بزرگوں اور جوانوں نے مشاہدہ کیا اور فلسطین میں ہونے والے صیہونی مظالم اور بربریت کی داستان کو تصویروں میں ملاحظہ کرتے ہوئے عالمی دہشت گرد شیطان بزرگ امریکہ کی سرپرستی میں جاری اسرائیلی بربریت کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔
فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے زیر اہتمام دو روزہ تصویری نمائش میں حالیہ دنوں فلسطینیوں کے حق واپسی کے عظیم مارچ کے دوران شہید ہونے والے بہادر اور شجاع فلسطینیوں کی تصویریں آویزاں کی گئی تھیں جن میں پیرا میڈیکل اسٹاف سے تعلق رکھنے والی نوجوان فلسطینی لڑکی رزان النجار، دونوں ٹانکوں سے معذور فلسطینی شہید مجاہد ابراھیم ابو ثریا، فادی ابو صالح، اور اسی طرح متعدد تصویریں آویزاں تھیں کہ جن میں واضح طور پر ایسے فلسطیی نوجوانون کو دیکھا جا سکتا تھا کہ جو بیساکھیوں کی مدد سے چل کر غاصب صیہونی افواج کے سامنے احتجاجی مظاہروں میں شریک تھے، اسی طرح خواتین اور بچوں کی ایسی تصاویر بھی شائع کی گئی تھیں کہ جس میں خواتین مردوں کے شانہ بہ شانہ فلسطین کی آزادی اور فلسطین واپسی کے حق کے لئے جد وجہد میں مصروف عمل دکھائی گئی ہیں۔واضح رہے کہ دوروزہ تصویری نمائش کو دیکھنے کے لئے شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی اور فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کی کاوشوں پر خراج تحسین پیش کیا، اس موقع پر شرکائے تصویری نمائش کے لئے فلسطین سے اسلامی مزاحمتی تحریک حما س کے پاکستانی عوام اور فلسطین فاؤنڈیشن کے نام بھیجے گئے ویڈیو پیغام کو بھی چلا یا گیا۔