فلسطینیوں پرجاری صیہونی مظالم پر مسلم حکمرانوں اور عالمی برادری کی خاموشی لمحہ فکریہ ہے، فلسطین ، فلسطینیوں کا وطن ہے لاکھوں بے گھر کئے گئے فلسطینیوں کو ان کے وطن واپس آنا ان کا بنیادی حق ہے ۔یوم مزدور کے موقع پر دو لاکھ فلسطینی بے روگار مزدوروں کی موجودگی عالمی اداروں کی کارکردگی پر سوالیہ نشان اور صیہونی مظالم کا کھلا ثبوت ہے۔
مظفر احمد ہاشمی، محفوظ یار خان، علامہ قاضی احمد نورانی صدیقی ، صابر کربلائی اور راشد قریشی کا اظہار خیال
کراچی( )فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے مرکزی سرپرست رہنماؤں سابق رکن قومی اسمبلی و نائب امیر جماعت اسلامی کراچی مظفر احمد ہاشمی، جمعیت علماء پاکستان کراچی کے صدر علامہ قاضی احمد نورانی صدیقی ، متحدہ قومی موومنٹ اور ایمیٹی انٹر نیشل کے رہنما محفوظ یار خان ایڈووکیٹ ، فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے سیکرٹری جنرل صابر کربلائی اور جماعت اسلامی کراچی شعبہ بین الاقوامی تعلقات کے راشد قریشی نے کہا ہے کہ فلسطینیوں پر آئے روز صیہونی مظالم میں اضافہ پرمسلم حکمرانوں کی خاموشی اور عالمی برادری کی بے حسی لمحہ فکریہ ہے ، ان خیالات کا اظہار انہوں نے نے بین الاقوامی یوم مزدرو کے موقع پر مشترکہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے رہنماؤں کاکہنا تھا کہ غاصب صیہونی ریاست اسرائیل اپنے ناپاک عزائم کی تکمیل کے لئے مسلمانوں کو باہم دست وگریباں کروا کر گریٹر اسرائیل کے منصوبے کو عملی جامہ پہنانے کی گھناؤنی سازشوں میں مصروف عمل ہے جبکہ دوسری جانب مظلوم اور نہتے فلسطینی عوام پر آئے روز صیہونی مظالم کا سلسلہ بھی تیز ہو گیا ہے جبکہ مسلم عرب حکمران اپنی بادشاہتوں کی بقاء کے لئے جنگ میں تو مصروف عمل ہیں لیکن انہیں سرزمین انبیاء ؑ پر بہنے والا مظلوم فلسطینیوں کا لہو نظر نہیں آ رہاہے انہوں نے فلسطینیوں پر صیہونی مظالم کی شدید مذمت کرتے ہوئے مسلم اور بالخصوص مسلم عرب حکمرانوں سمیت بے حس عالمی برادری سے بھی مطالبہ کیا کہ وہ ہوش کے ناخن لیں اور غاصب صیہونی ریاست اسرائیل کے ناپاک عزائم کو بر وقت روکنے میں اپنا کردار ادا کریں اور مظوم فلسطینیوں کی داد رسی کی جائے۔رہنماؤں نے واضح طور پر کہا کہ فلسطین صرف اور صرف فلسطینیوں کا وطن ہے اور اس وطن میں ان تمام فلسطینیوں کو زندگی گذارنے کا حق ہے کہ جن کے آباؤ اجداد یا خود سنہ1948ء سے پہلے اور اس وقت فلسطین میں مقیم تھے جبکہ باہر سے لا کر بسائے جانے والے شدت پسند یہودیوں (صیہونیوں ) کو ان کے آبائی ممالک واپس جانا ہو گا تا کہ لاکھوں بے گھر کئے گئے مظلوم فلسطینیوں کو ان کا حق واپسی فراہم ہو سکے اور وہ اپنے گھروں کو واپس لوٹ سکیں۔
فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے اہم ترین اجلاس میں ماہ مئی میں یوم نکبہ کی مناسبت سے ہفتہ بھر کے پروگراموں کو حتمی شکل بھی دی گئی جن کا اعلان بعد ازاں پریس کانفرنس کے ذریعے کیا جائے گا، اس موقع پر فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے رہنماؤں نے یکم مئی ’’یوم مزدور‘‘ کے عنوان سے فلسطینی مزدوروں کے ساتھ مکمل اظہار ہمدردی کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے فلسطینی مزدور ہوں یا فلسطینی دہقان سب کے سب صیہونی غاصب اسرائیل کے شکنجے میں ہیں اور ضرورت اس امر کی ہے کہ عالمی برادری مزدروں کے حقوق کے لئے عملی اقدامات انجام دے۔ان کاکہنا تھا کہ آج بھی صرف صیہونی مظالم کے باعث فلسطین کے دو لاکھ سے زیادہ مزدوروں کو بے روزگار کر دیا گیا ہے لیکن عالمی ادارے خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں، انہوں نے کہا کہ عالمی اداروں بشمول اقوام متحدہ، یورپی یونین، او آئی سی، عرب لیگ اور انٹرنیشنل لیبر آرگنائزیشن سمیت حقوق انسانی کے اداروں کو اپنی آنکھیں کھولنا ہوں گی اور مظلوم ملت فلسطین کے حقوق کا دفاع کرنا ہو گا ورنہ وہ وقت پھر دور نہیں کہ جب صیہونزم نہ صرف مغربی ایشیاء کو اپنی لپیٹ میں لے گی بلکہ مغربی دنیا بھی صیہونزم کے خطرے سے محفوط نہیں رہ پائیں گے۔