اسرائیلی ممبر پارلیمنٹ حنین زعبی نے اسرائیلی کمانڈوز پر قتل عام اور زیادتیوں کے علاوہ فریڈم فلوٹیلا پر سوار لوگوں کے سامان کی چوری کی تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے ۔ واضح رہے کہ ایک امریکن کارکن کیٹی شیٹس کا کریڈٹ کارڈ جو کمانڈوز نے چوری کیا تھا، پچھلے دنوں تل ابیب میں اسی کریڈٹ کارڈ سے پیسے نکال کر سامان خریدا گیا۔ زعبی نے کہا کہ وہ امریکن شہری کی طرف سے پولیس میں اس معاملے پر رپٹ لکھوانے کا بھی سوچ رہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ فریڈم فلوٹیلا جہاز میں سوار دیگر لوگوں کا سامان جس میں کیمرے،کمپیوٹرز،موبائل فونز اور دوسری ذاتی اشیاء جو کمانڈوز نے چوری کی ہیں ،کے حولے سے بھی پولیس سٹیشن میں رپٹ لکھوانے کا ارادہ کر چکی ہیں۔ دوسری طرف ناصرہ میں اسرائیلی چیف آف سٹاف نے فریڈم فلوٹیلا حملے میں ملوث دو کمانڈوز کیلئے ایک تقریب کا اہتمام کروایا، جس میں انہیں انعام و اکرام سے نوازا گیا۔ اسرائیلی ریڈیو کے مطابق فریڈم فلو ٹیلا جہاز پر حملے کے دوران دو الگ الگ واقعات میں ان کی بے مثال کارکردگی پر انہیں انعامات سے نوازا گیا تاہم ریڈیو نے ان کی بہادری یا بےمثال کارکردگی کی وضاحت نہیں کی۔ اسرائیلی چیف آف سٹاف اشکنازی نے اس موقع پر دونوں کمانڈوز کی بھرپور تعریف کرتے ہوئے کہا کہ مشکل صورتحال میں انہوں نے بہتر طریقے سے اپنا کام انجام دیا ہے۔