یونان – (مرکزاطلاعات فلسطین فاؤنڈیشن) گلوبل صمود فلوٹیلا غزہ کی پٹی پر مسلط ظالمانہ محاصرے کو توڑنے کی کوششوں کے تحت اٹلی کے ساحلوں سے روانہ ہونے کے چند دن بعد یونانی ساحلوں کے سامنے بین الاقوامی پانیوں میں پہنچ چکا ہے۔
مقررہ منصوبے کے مطابق فلوٹیلا آئندہ مرحلے میں ترکیہ اور یونان کی بندرگاہوں سے آنے والے جہازوں اور کشتیوں کے ایک اضافی گروپ کے ساتھ ملے گا جس کا مقصد اپنی آخری منزل کی جانب روانہ ہونے سے قبل اس بحری قافلے کو یکجا کرنا ہے۔
فلوٹیلا کے ترجمانوں نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ مشن بہار سنہ 2026ء اپنے طے شدہ شیڈول کے مطابق جاری ہے حالانکہ اسے روکنے کے لیے عالمی سطح پر سیاسی اور قانونی دباؤ ڈالا جا رہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ 39 ممالک کے کارکنوں کو لے جانے والے جہاز اپنی پیش قدمی جاری رکھے ہوئے ہیں۔
انہوں نے امید ظاہر کی ہے کہ اگر سمندر میں انہیں روکا نہ گیا تو یہ قافلہ آئندہ چند دنوں کے اندر فلسطینی علاقائی پانیوں کے قریب پہنچ جائے گا۔
گلوبل صمود فلوٹیلا ایک شہری اقدام ہے جس کا آغاز سنہ 2025ء میں مختلف ممالک کے کارکنوں اور سول سوسائٹی کی تنظیموں کی شرکت سے ہوا تھا۔ اس کا مقصد غزہ کی پٹی تک انسانی امداد پہنچانا اور مسلط کردہ محاصرے کو توڑنا ہے جبکہ ماضی میں ایسی کئی کوششیں کی جا چکی ہیں جن کا اختتام قابض دشمن کی طرف سے بحری جہازوں کو روکنے اور ان میں سوار شرکاء کو حراست میں لینے پر ہوا تھا۔
