غزہ پر تازہ اسرائیلی حملے واشنگٹن امن مذاکرات کے ڈرامے کا منہ بولتا ثبوت ہے،اقوام متحدہ اسرائیلی جارحیت روکنے میںناکام ہو گئی ہے،مذاکرات کے دوسرے دور کی باتیں کرنے والے فلسطینی عوام کے دشمن ہیں۔ان خیالات کا اظہار فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے مرکزی ترجمان صابر کربلائی نے گذشتہ شب غزہ میں ہونے والے اسرائیلی جارحانہ حملے کے نتیجہ میں ایک بزرگ سمیت تین فلسطینیوں کی مظلومانہ شہادت کے موقع پر امریکی اور اسرائیلی دہشتگردوں کی مذمت کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ دنیا نے دیکھ لیا کہ عالمی استعمار امریکہ اور اس کی ناجائز اولاد اسرائیل نے کس طرح فلسطین ،اسرائیل امن مذاکرات کا ڈرامہ رچایا اور پھر کس طرح سے فلسطینی عوام کی نسل کشی کے سلسلہ کو مزید آگے بڑھا یا۔
فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے مرکزی ترجمان صابر کربلائی کاکہنا تھا کہ امریکی ایماء پر ہونے والے فلسطین ،اسرائیل امن مذاکرات در اصل ایک ڈھونگ تھا اور غزہ میں اسرائیلی فضائیہ کے حملوں نے اپنے جارحانہ اقدام سے اس بات کوثابت کر دیا ہے کہ امن مذاکرات ”اوسلو معاہدے”کی طرح ناکام ہیں اور ماضی کی طرح معاہدہ اوسلو بھی ایسی ہی میراتھن کا نتیجہ تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ اقوام متحدہ ایک بے حس ادارہ ہے جس سے کسی قسم کی اپیل کرنا انسانیت کی توہین ہے کیونکہ اگر اقوام متحدہ جیسے ادارے میں انسان موجود ہوتے تو انہیں فلسطینی عوام پر اسرائیلی گھناؤنے مظالم نظر آتے اور وہ ان کی دادرسی کرتے اور مجرم صہیونیوں کو انصاف کے کٹہرے میں لا کھڑا کرت مگر ایسا کبھی نہیں ہوا اور آئیندہ بھی ممکن نہیں لگتا۔
فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے مرکزی ترجمان کا کہنا تھاکہ اقوام متحدہ کی نا اہلی اور بے حسی کے بعد مسلم امہ کو چاہئیے کہ خود کو متحد کریں اور اسلامی کانفرنس کے جھنڈے تلے ایک مشترکہ حکمت عملی بناتے ہوئے صہیونی عزائم کے خلاف برسر پیکار ہو جائے،ان کاکہنا تھا کہ آج مسئلہ فلسطین اور آزادیئ بیت المقدس ہی ایک ایسی بنیاد ہے جو مسلم امہ کو متحد کر سکتا ہے ،انہوں نے دنیا بھر کے مسلم حکمرانوں سے اپیل کی کہ وہ خود کو امریکی کاسہ لیسی سے آزاد کریں اور آپس میں متحد ہو کر امریکی و صہیونی ناپاک عزائم کو خاک میں ملا دیں ،انہوں نے مزید کہا کہ غاصب صہیونی ریاست اسرائیل صرف اور صرف فلسطین پر قابض ہونے پر ہی اکتفا نہیں کرے گی بلکہ رفتہ رفتہ مسلم دنیا کے تمام ممالک اور بلخصوص پاکستان اسرائیل کے پہلے نشانے پر ہے ،لہذٰا وقت ہے کہ مسلم دنیا امریکی اور صہیونی دہشتگردوں کو منہ توڑ جواب دے اور فلسطین کے مظلوم اور نہتے مسلمانوں کے لئے عملی اقدمات کرے۔