قابض اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے غزہ میں دو فلسطینی شہید اور دیگر کم ازکم چار شدید زخمی ہو گئے ہیں۔ فلسطینی میڈیکل ذرائع کے مطابق قابض فوج نے منگل کی شام ناصر صلاح الدین بریگیڈ کے دفتر پر کم از کم دو میزائل داغے، جس کے نتیجے میں تنظیم کے دو اراکین شہید اور دیگر چار شدید زخمی ہو گئے، حملے میں ایک مکان بھی تباہ ہو گیا۔ شہید ہونے والوں کی عمریں بیس سے بائیس سال کے درمیان بتائی جاتی ہیں۔ عینی شاہدین کے مطابق یہ ایف سولہ طیارے کے ذریعے کیا گیا، جس میں ایک مکان تباہ اور متعدد عمارتوں کو نقصان پہنچا۔ دوسری جانب غزہ کی فضا میں اسرائیلی طیاروں کی پروازوں کا سلسلہ بدستور جاری ہے جس سے شہریوں میں خوف و ہراس کی فضا پائی جا رہی ہے۔