Connect with us

اسرائیل کی تباہی میں اتنا وقت باقی ہے

  • دن
  • گھنٹے
  • منٹ
  • سیکنڈز

اقوام متحدہ

غزہ میں نسل کشی کا خاتمہ نہیں ہوا، تباہی ناقابلِ بیان ہے: فرانسسکا البانیز

غزہ – (مرکزاطلاعات فلسطین فاؤنڈیشن) مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں انسانی حقوق کی صورتحال سے متعلق اقوام متحدہ کی خصوصی ایلچی فرانسسکا البانیز نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ غزہ کی پٹی میں قابض اسرائیل کی طرف سے ڈھائی جانے والی نسل کشی کے آغاز کو تین سال گزر جانے کے باوجود یہ سلسلہ تھما نہیں ہے جبکہ اس کے ساتھ ہی انہوں نے اس امر پر زور دیا کہ تباہی کا حجم اور مغربی کنارے میں بگڑتی ہوئی صورتحال محض سفارتی مذمتوں سے آگے بڑھ کر عملی اقدامات کا تقاضا کرتی ہے۔

خبر رساں ادارے اناطولیہ کو انٹرویو دیتے ہوئے فرانسسکا البانیز نے کہا کہ غزہ میں صورتحال انتہائی ہولناک ہے اور الفاظ اس کا احاطہ کرنے سے قاصر ہیں جبکہ انہوں نے اس اندیشے کا اظہار کیا کہ تباہی کا یہ تسلسل بین الاقوامی برادری کے ردعمل پر بالخصوص ان حکومتوں کے حوالے سے سنجیدہ سوالات اٹھاتا ہے جو قابض اسرائیل کی پشت پناہی جاری رکھے ہوئے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ فلسطینیوں کو نسل کشی کے ایسے زندہ بچ جانے والے افراد کے طور پر پیش کرنا جو اس خطرے سے نکل آئے ہیں، غلط طور پر یہ تاثر دے سکتا ہے کہ خطرہ ٹل چکا ہے جبکہ حقیقت یہ ہے کہ غزہ کی پٹی کا تقریباً 70 فیصد حصہ قابض اسرائیل کے تسلط میں ہے اور اس کے بڑے حصوں کو مسلسل ملبے کا ڈھیر بنایا جا رہا ہے۔

غزہ مسلسل تباہی اور بدلتے ہوئے بین الاقوامی مؤقف کی زد میں

فرانسسکا البانیز نے غزہ کے موجودہ حالات کو ان تاریخی تنازعات سے جوڑا جن کے دوران استعماری دور میں مقامی اور آبائی اقوام کو نسل کشی کا نشانہ بنایا گیا تھا اور اس بات پر زور دیا کہ تاریخ کو جس انداز میں قلمبند کیا جائے گا وہی مستقبل میں اس بات کا تعین کرے گا کہ پٹی پر گزرنے والی ان قیامت خیزیوں کو کیسے یاد رکھا جائے گا۔

انہوں نے غزہ کو دو فریقوں کے مابین ایک معرکہ آرائی کا میدان قرار دیا جہاں پہلا فریق اس ریاستی نسل کشی، استحصال اور فلسطین کے نام و نشان کو مٹانے کے مذموم سلسلے کو جاری رکھنا چاہتا ہے جبکہ دوسرا فریق اسے روکنے کے لیے کوشاں ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ امریکہ، قابض اسرائیل اور ان کے حلیف پہلے کیمپ کی نمائندگی کرتے ہیں جبکہ دنیا کے عام عوام اور بعض حکومتیں دوسرے فریق کی صف میں کھڑی ہیں۔

ان کا ماننا تھا کہ اس نسل کشی نے عوامی سوچ اور زاویہ نگاہ کو گہرائی سے متاثر کیا ہے کیونکہ بچوں کا بہیمانہ قتل عام کرنے کے باوجود قابض اسرائیل کو مظلوم بنا کر پیش کرنے کی کوششیں حقائق سے صریحاً متصادم ہیں اور یہ بیانیہ عوامی حلقوں کے تبدیل ہوتے ہوئے رجحانات کے سامنے ہرگز ٹک نہیں سکتا۔

دس اکتوبر سنہ 2025ء کو طے پانے والے جنگ بندی کے معاہدے کے باوجود انٹرویو میں پیش کیے جانے والے اعداد و شمار نے قابض اسرائیل کی بمباری کے مسلسل جاری رہنے کی نشاندہی کی ہے جس کے نتیجے میں اس تاریخ سے لے کر اب تک 1467 فلسطینی شہید اور 5161 دیگر زخمی ہو چکے ہیں جن میں اکثریت معصوم بچوں اور خواتین کی ہے۔ اس کے علاوہ وسیع پیمانے پر جاری تباہی کے ساتھ خوراک، ادویات، طبی لوازمات اور پناہ کا سامان طے شدہ مقدار میں اندر جانے سے مسلسل روکا جا رہا ہے۔

مغربی کنارہ اور یہودی آباد کاری کی یلغار

فرانسسکا البانیز نے مقبوضہ مغربی کنارے میں بھی بگڑتی ہوئی صورتحال پر شدید تشویش کا اظہار کیا جہاں قتل و غارت، گرفتاریاں، حراستیں اور فلسطینی اجتماعات پر کڑی پابندیاں معمول بن چکی ہیں۔

غزہ پر جاری اس جارحیت کے آغاز سے لے کر اب تک مغربی کنارے اور مقبوضہ بیت المقدس میں قابض فوج اور یہودی آباد کاروں کے پرتشدد حملوں میں خطرناک حد تک اضافہ ہوا ہے جس کے نتیجے میں دستیاب اعداد و شمار کے مطابق 1210 فلسطینی شہید، 13350 زخمی اور 26000 افراد کو قید و بند کی صعوبتوں کا سامنا کرنا پڑا ہے۔

ان مظالم میں گھروں اور تنصیبات کا انہدام، مساجد اور گاڑیوں کو نذرِ آتش کرنا، زرعی زمینوں کو بلڈوزر تلے روندنا، کسانوں کو ان کی زمینوں تک رسائی سے محروم کرنا، جبری بے دخلی اور قابض یہودی بستیوں کی توسیع جیسے قبیح اقدامات شامل ہیں۔

فرانسسکا البانیز نے مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں قائم یہودی بستیوں سے ہونے والی تجارت پر پابندیاں عائد کرنے کے لیے بارہ مغربی ممالک کے اقدامات کا خیرمقدم کیا تاہم انہوں نے اس بات پر سوال اٹھایا کہ ان اقدامات کا دائرہ کار کتنا وسیع ہے، خصوصاً جب انہوں نے برطانوی حکومت کی طرف سے یہودی بستیوں کی مصنوعات پر عائد پابندیوں اور ان بستیوں کی تعمیر و بنیادی ڈھانچے کے لیے مختص مالی معاونت کا ذکر کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ برطانوی اقدام پالیسی کی سطح پر ایک دیرینہ اور مطلوبہ تبدیلی کی عکاسی کرتا ہے مگر اس کا رخ اب بھی زیادہ تر بستیوں تک محدود دکھائی دیتا ہے جس پر یہ سوال جنم لیتا ہے کہ آیا اس میں مقبوضہ بیت المقدس بھی شامل ہے۔

امریکی پالیسی پر کڑی تنقید

یورپی اور امریکی تعلقات کا احاطہ کرتے ہوئے فرانسسکا البانیز کا یہ مؤقف تھا کہ غزہ پر مسلط کردہ جنگ نے یہ عیاں کر دیا ہے کہ واشنگڑن پر یورپ کی اس حد تک انحصار کی کتنی بھاری قیمت چکانا پڑ رہی ہے کیونکہ دونوں فریقوں کے مابین تعلقات ہمیشہ ایک مساوی اور متوازن اتحاد کے اصولوں پر استوار نہیں ہوتے۔

انہوں نے مشرق وسطیٰ کے ممالک کو دعوت دی کہ وہ امریکی خارجہ پالیسی کے گٹھ جوڑ اور عظیم اسرائیل کے شیطانی نظریے کے تصورات کو پوری سنجیدگی سے لیں اور خبردار کیا کہ ان کے مشاہدے کے مطابق یہ منصوبہ محض ایک مستقبل کا خیال نہیں ہے بلکہ زمین پر اس کے نفاذ کے واضح شواہد موجود ہیں۔

انہوں نے نشاندہی کی کہ اس مکروہ نظریے کے بعض حامی توراتی دعوؤں کی آڑ لیتے ہیں جن کی رسائی اردن، شام اور عراق تک بتائی جاتی ہے لہذا انہوں نے خطے کی حکومتوں کو اس کے خطرناک مضمرات کے پیش نظر بیدار ہونے کی پرزور دعوت دی۔

فرانسسکا البانیز پر عائد کردہ امریکی پابندیاں

اقوام متحدہ کی اس ایلچی نے جولائی سنہ 2025ء میں ان پر عائد کی جانے والی امریکی پابندیوں کا بھی ذکر کیا جو قابض اسرائیل کے بارے میں ان کی مسلسل سخت تنقید اور ان کمپنیوں کے خلاف ان کی رپورٹوں کے ردعمل میں لگائی گئی تھیں جن پر انہوں نے مقبوضہ علاقوں میں قابض ریاست کی سرگرمیوں کو ہوا دینے کا الزام عائد کیا تھا۔

انہوں نے بتایا کہ ان پابندیوں کے اثرات صرف امریکہ تک محدود نہیں رہے بلکہ اس کی وجہ سے ان کے لیے بینکنگ اور مالیاتی خدمات تک رسائی ناممکن ہو گئی ہے جس نے ان کے کام، سفر اور روزمرہ کے اخراجات اٹھانے کی صلاحیت کو شدید متاثر کیا۔

انہوں نے وضاحت کی کہ اب وہ اپنے کریڈٹ کارڈز استعمال کرنے سے قاصر ہیں اور انہیں صحت سے متعلق انشورنس سے بھی محروم کر دیا گیا ہے جبکہ امریکہ میں ان کے داخلے پر تاحال پابندی برقرار ہے جسے انہوں نے اقوام متحدہ کی ذمہ داریاں احسن طریقے سے نبھانے کی راہ میں بڑی رکاوٹ قرار دیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ مالی لین دین کرنے یا دیگر امور کی انجام دہی کے صلے میں معاوضہ حاصل کرنے سے محرومی کی وجہ سے وہ مالی اعتبار سے اپنے خاندان کے افراد پر منحصر ہو چکی ہیں کیونکہ اقوام متحدہ میں ان کی یہ خدمات اعزازی نوعیت کی ہیں۔

فرانسسکا البانیز نے اپنی بات کا یہ کہتے ہوئے اختتام کیا کہ ان پر لگائی جانے والی ان پابندیوں کے تسلسل کی وجہ سے وہ اپنے لیے کسی بھی قسم کی جائز کمائی کرنے سے عاجز کر دی گئی ہیں۔

Click to comment

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Copyright © 2018 PLF Pakistan. Designed & Maintained By: Creative Hub Pakistan