غزہ میں قابض اسرائیلی فوج کی دراندازی کی کوشش کے دوران فلسطینی مزاحمت کاروں کی طرف سے سخت جوابی کارروائی کی اطلاعات ہیں، جبکہ شہر کے مرکزی علاقے خان یونس میں صہیونی فوج اور مجاھدین کے درمیان طویل جھڑپیں ہوئی ہیں، تاہم ابھی تک کسی طرف سے کسی قسم کے جانی نقصان کی اطلاع نہیں مل سکی. مرکز اطلاعات فلسطین کے مطابق منگل اور بدھ کی درمیانی شب قابض فوج کی بڑی تعداد نے خان یونس کے مشرقی علاقے قصبہ “القرارہ” سےشہر میں داخل ہونے کی کوشش کی. اسرائیلی فوجی چار ٹینکوں اور دو بلڈوزروں کے ہمراہ شہرمیں داخل ہوئے، جس کے بعد مجاھدین اور صہیونی فوج کے درمیان جھڑپیں شروع ہوگئیں. ادھر جھڑپوں کی جگہ پر دھماکے کی آوازسنائی دی گئی ہے. امکان یہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ صہیوجی فوج نے مجاھدین کو پسپا کرنے کے لیے زمین سے زمین پر مار کرنے والے میزائل کا حملہ کیا ہے. ادھر فلسطینی میڈیکل و ایمرجنسی سروسز کے ترجمان ادھم ابوسلیمہ کا کہنا ہے کہ انہیں مجاھدین اور صہیونی فوج کے درمیان شدید جھڑپوں کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں تاہم ابھی تک کسی قسم کے جانی نقصان کی اطلاع نہیں مل سکی. آخری اطلاعات آنے تک جھڑپیں جاری تھیں.