یورپ کے فلسطینی شہریوں نے غزہ جنگ کا ایک سال مکمل ہونے پر مصر کے دارالحکومت قاہرہ میں منعقدہونے والی ریلی ’’غزہ آزادی کے راستے پر ‘‘ میں شرکت کا اعلان کیا ہے- ’’یورپی فلسطینی کانفرنس‘‘ نے اعلان کیا ہے کہ سینکڑوں فلسطینی 27 دسمبر کو قاہرہ میں منعقد ہونے والی بین الاقوامی ریلی میں شرکت کریں گے – ’’یورپی فلسطینی کانفرنس ‘‘ کے جنرل سیکرٹری عبداللہ امین نے برسلز میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کانفرنس کے وفد میں برطانیہ ، آسٹریا ، یونان ، ڈنمارک ،سویڈن ،سوئٹزرلینڈ ، ہالینڈ اور آئرلینڈ کے نمائندے شامل ہوں گے- کانفرنس کے وفد کی ریلی میں شرکت کا مقصد پیغام دینا ہے کہ غزہ کے فلسطینیوں کو ان کے بھائیوں نے اکیلا نہیں چھوڑا اور وہ ان کے ساتھ ہیں اور اسرائیل کو پیغام دیناہے کہ آزاد دنیا اسرائیلی جرائم پر خاموش نہیں رہے گی – واضح رہے کہ غزہ جنگ کی پہلی یاد گار کے موقع پر قاہرہ میں ’’غزہ آزادی کے راستے پر ‘‘ کے عنوان سے 27دسمبر کو بین الاقوامی ریلی منعقد کی جا رہی ہے جس میں دنیا کے مختلف ممالک کے مندوب شرکت کریں گے –