غزہ – (مرکزاطلاعات فلسطین فاؤنڈیشن) قابض اسرائیلی فوج نے مسلسل 33ویں دن بھی غزہ پٹی میں جنگ بندی اور کمزور جنگ بندی کے معاہدے کی خلاف ورزی کا سلسلہ جاری رکھا ہے جس پر دسں اکتوبر سنہ 2025ء کو مصری شہر شرم الشیخ میں عرب اور امریکہ کی ثالثی میں دستخط کیے گئے تھے۔
منگل کے روز فجر کے اوقات میں جنگ بندی کی نئی خلاف ورزیوں کا ایک سلسلہ دیکھا گیا جس میں گاڑیوں اور جنگی کشتیوں کی طرف سے فائرنگ، توپ خانے کی گولہ باری اور روشنی والے بموں کا اخراج شامل تھا جس کے نتیجے میں متعدد شہری زخمی ہو گئے جبکہ پہلے سے لگنے والے زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دو شہداء درج کیے گئے۔
غزہ پٹی میں جنگ بندی کے معاہدے کی مسلسل خلاف ورزیوں کے تسلسل کے دوران قابض اسرائیل کی فورسز کی فائرنگ سے منگل کے روز ایک شہری زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے شہید ہو گیا اور دو دیگر زخمی ہو گئے۔
شہری جمال سلیمان مرجان کی چند روز قبل جنوبی غزہ میں خان یونس شہر کے مغرب میں واقع الحی الامل کے علاقے پر اسرائیلی بمباری میں لگنے والے زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے شہادت کا اعلان کیا گیا۔
غزہ کے جنوب میں خان یونس کے شمال میں واقع حمد شہر میں قابض اسرائیل کی گاڑیوں کی فائرنگ سے دو شہری زخمی ہو گئے۔
اسرائیلی ٹینکوں نے حمد شہر کے مشرق میں بے سہار افراد کے خیموں کو شدید نشانہ بنایا جبکہ فائرنگ سے شہر کے کئی ٹاورز کو نقصان پہنچا۔
اسرائیلی فائرنگ خان یونس شہر کے مشرقی علاقوں تک پھیل گئی جبکہ قابض فورسز نے شہر کے جنوب میں شارع الطینہ کے علاقے میں روشنی والے بم فائر کیے۔
اسرائیلی جنگی کشتیوں نے خان یونس شہر کے شمال مغرب میں فائرنگ کی جبکہ روشنی والے بموں سے قطاع کے وسط میں دیر البلح کے مشرقی علاقے کو نشانہ بنایا گیا۔
اسرائیلی توپ خانے کی گولہ باری نے البریج کیمپ کے شمال اور غزہ کے وسط میں وادی غزة کے پل کے گردونواح کو نشانہ بنایا جبکہ اسرائیلی جنگی کشتیوں نے غزہ شہر کے شمال مغرب میں فائرنگ کی۔
گزشتہ روز جنگ بندی کی خلاف ورزیوں کے نتیجے میں آٹھ فلسطینی شہید ہو گئے جن میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دو شہید بھی شامل تھے جبکہ متعدد شہری زخمی بھی ہوئے۔
غزه میں وزارت صحت کے اعداد و شمار سے یہ بات ظاہر ہوئی کہ گیارہ اکتوبر کو جنگ بندی کے نفاذ کے بعد سے شہداء کی تعداد بڑھ کر ایک ہزار دو سو اٹھاسی ہو گئی ہے جبکہ زخمیوں کی تعداد چار ہزار دو سو نوے تک پہنچ گئی ہے اور لاشیں نکالنے کے واقعات کی تعداد آٹھ سو تیرہ تک جا پہنچی ہے۔
سات اکتوبر سنہ 2023ء کو غزہ پٹی پر قابض اسرائیل کی جارحیت کے آغاز سے لے کر اب تک کے مجموعی اعداد و شمار میں شہداء کی تعداد بڑھ کر تہتر ہزار چار سو بائیس ہو گئی ہے جبکہ زخمیوں کی تعداد ایک لاکھ چوہتر ہزار چار سو ایک تک پہنچ گئی ہے۔
قابض فورسز اسلامی تحریک مزاحمت ’حماس‘ اور قابض اسرائیل کے درمیان جنگ بندی کے معاہدے کی خلاف ورزیاں جاری رکھے ہوئے ہیں جن میں گولہ باری، فائرنگ اور شہریوں کے گھروں کو اڑانا شامل ہے جو کہ غزہ پٹی میں جنگ بندی کی مسلسل خلاف ورزیاں ہیں۔
