غزہ – (مرکزاطلاعات فلسطین فاؤنڈیشن) قابض اسرائیل کی جانب سے جنگ بندی کی مسلسل خلاف ورزیوں کے نتیجے میں آج ہفتے کے روز غزہ کی پٹی پر ہونے والے فضائی حملوں میں مزید پانچ فلسطینی شہری شہید ہو گئے ہیں۔
مقامی ذرائع نے بتایا کہ غزہ شہر کی شارع الثلاثینی میں الصفتدی خاندان کے رہائشی اپارٹمنٹ پر فجر کے وقت کیے گئے اسرائیلی حملے کے نتیجے میں 4 شہری شہید اور کئی زخمی ہو گئے۔ شہداء میں حسین الصفدی، ان کی اہلیہ اور دو کمسن بیٹیاں شامل ہیں۔
اس کے علاوہ غزہ شہر کے شمال میں واقع الصفطاوی چوک کے قریب اسرائیلی گولہ باری کے نتیجے میں ایک اور شہری شہید ہو گیا۔
دوسری جانب قابض فوج کے ٹینکوں نے مواصی رفح کے جنوب اور خان یونس کے جنوب میں اپنے ٹھکانوں سے فائرنگ کی، جبکہ اسرائیلی جنگی کشتیوں نے بھی غزہ کی پٹی کے جنوبی ساحل پر شدید فائرنگ کی۔
قابض اسرائیل کی افواج غزہ کی پٹی میں جنگ بندی کے معاہدے کی کھلی خلاف ورزی جاری رکھے ہوئے ہیں۔ یہ کارروائیاں بے گھر افراد کے ٹھکانوں پر فضائی اور توپ خانے سے بمباری، ‘یلو لائن’ کے اندر گھروں کو دھماکوں سے اڑانے اور تباہ کرنے کے ساتھ ساتھ سامان، امداد اور نقل و حمل پر مسلسل پابندیوں کی صورت میں جاری ہیں۔
فلسطینی وزارتِ صحت کے اعداد و شمار کے مطابق، دس اکتوبر سنہ 2025ء کو جنگ بندی شروع ہونے کے بعد سے اب تک شہید ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد 1017 تک پہنچ گئی ہے، جبکہ زخمیوں کی تعداد 33208 ہے اور 784 افراد کے ملبے سے نکالے جانے کے واقعات ریکارڈ کیے گئے ہیں۔
سات اکتوبر سنہ 2023ء سے اب تک اس جارحیت میں شہید ہونے والوں کی مجموعی تعداد 73,028 اور زخمیوں کی تعداد 173,316 ہو چکی ہے، جو کہ غزہ پر مسلط اس جاری درندگی کی بھاری انسانی قیمت کا منہ بولتا ثبوت ہے۔
