مغربی کنارے میں فلسطینی صدر محمود عباس کے زیرکمانڈ سرگرم سیکیورٹی فورسز نے حماس کے اہم راہنما اور مجلس قانون ساز کے رکن ممتازعالم دین شیخ احمد البیتاوی کے گھر پرحملہ کیا ہے اور ان کے تین بیٹوں کو گرفتار کر لیا گیا ہے شیخ بیتاوی کے قریبی ذرائع سے مرکز اطلاعات فلسطین کو ملنے والی اطلاعات کے مطابق ہفتہ اور اتوار کی درمیانی شب عباس ملیشیا نے نابلس میں حماس راہنما کے گھر پر حملہ کیا. گھرمیں موجود سامان کی توڑپھوڑ کی اور شیخ بیتاوی کے تین بیٹوں کو تشدد کا نشانہ بنایا گیا . بعد ازاں ان کے تینوں صاحبزادوں نصر بیتاوی، صحافی اور محقق احمد بیتاوی اور اسلام بیتاوی کو گرفتار کر کے لے گئے. خیال رہے کہ تینوں بھائی ماضی میں بھی عباس ملیشیا کی جیلوں میں قید کاٹ چکےہیں. دوسری جانب عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ عباس ملیشیا نے انتہائی وحشیانہ انداز میں شیخ بیتاوی کے گھر پر حملہ کیا. عباس ملیشیا کے اہلکاروں کی ایک بڑی تعداد نے ان کے مکان کو گھیرے میں لے لیا اور کئی اہلکار اسلحہ کے ساتھ گھر کے اندر داخل ہو گئے. گھرکی مکمل تلاشی لی گئی اور کئی قیمتی اشیا کی توڑپھوڑ اور کئی چیزیں قبضے میں لے لی گئیں. واضح رہے کہ شیخ محمد بیتاوی فلسطینی مجلس قانون ساز کے رکن ہیں. وہ کئی ماہ تک اسرائیلی جیلوں میں قید کاٹ کر حال ہی میں رہا ہوئے ہیں. فلسطینی قانون اور عالمی قوانین میں قومی منتخب نمائندوں کو خصوصی تحفظ حاصل ہوتا ہے. کوئی قانون نافذ کرنے والا ادارہ کسی غیرقانونی طریقے سے کسی رکن مجلس قانون ساز کے گھر میں مسلح افراد کو داخل نہیں کر سکتا. لیکن محمود عباس کی امریکی فنڈز سے کام کرنے والی ملیشیا نے یہ سب کر دکھایا.