مغربی کنارے میں قائم فلسطین کی غیر آئینی حکومت کی ملیشیا نے حماس کے کارکنوں اور رہنماؤں کے خلاف اپنی پکڑ دھکڑ مہم تیز کر دی ہے۔ گزشتہ روز امریکی جنرل ڈایٹون کی سربراہی میں کام کرنے والی عباس ملیشیا نے حماس کے 28 رہنماؤں اور کارکنوں کو غیر قانونی طور پر حراست میں لے لیا، جس کے ساتھ ہی دو دنوں میں ملیشیا کی جارحیت کا شکار ہونے والے اسلامی تحریک مزاحمت ۔ حماس کے رہنماؤں اور کارکنوں کی تعداد 100 ہو گئی ہے۔ مغربی کنارے میں حماس کے ترجمان کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق عباس ملیشیا نے 150 کارکنوں کو تفتیش کے لیے طلب کیا تھا۔ جن میں سے 100 کو اغوا کر لیا گیا۔ حماس کی جاری کردہ تفصیلات کے مطابق نابلس سے 07، سلفیت سے 04، طولکرم سے 02، رام اللہ سے 03، جنین سے 06، قلقیلیہ سے 05 اور طوباس سے 01 فلسطینی اغوا کیا گیا۔