فلسطینی تحریک احرار نے الجزیرہ ٹی وی چینل کے جانب سے فلسطینی قوم کے خلاف ’’فتح‘‘ حکومت کی سازشوں کے بے نقاب کیے جانے پر شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے فلسطینی قوم سے فتح اتھارٹی کے خلاف انتفاضہ شروع کرنے کی اپیل کی ہے۔ تحریک نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ القدس شہر کی اراضی سے دستبرداری، الاقصی بریگیڈ کے شہداء کے قتل عام میں شرکت کرکے قوم سے غداری کرنے والی حکمران جماعت فتح کے بارے میں طویل عرصے سے ایسی باتیں منظر عام پر آ رہی تھیں تاہم حالیہ منکشف کی گئی دستاویز نے ان باتوں پر مہر تصدیق ثبت کر دی ہے کہ فلسطینی اتھارٹی اپنی قوم کے خلاف اسرائیل کے ساتھ بھرپور تعاون کر رہی ہے۔ تحریک احرار نے ذرائع ابلاغ کے لیے جاری کردہ بیان میں کہا کہ وقت آ گیا ہے کہ ساری فلسطینی قوم مغربی کنارے میں قائم غدار حکمرانوں کی حکومت کو ختم کر دے اور فلسطینی قوم کے حقوق سے دستبرداری اور دشمن سے براہ راست مذاکرات کرنے کے جرم میں اس کی قیادت کا ٹرائل کیا جائے۔ انہوں نے اندرون و بیرون ملک ساری فلسطینی قوم سے فلسطینی غیر آئینی صدر محمود عباس کے زیر انتظام فلسطینی اتھارٹی کے خلاف احتجاجی مظاہرے کرنے کی اپیل کی۔ ان کا کہنا تھا کہ تمام فلسطینی جماعتوں پر لازم ہے کہ وہ ان دستاویز پر کھل کر اپنا موقف عوام کے سامے لائیں اور امریکا اور اسرائیل کی خوشنودی کے لیے فلسطینی پناہ گزینوں کی واپسی، القدس کی اراضی سے دستبرداری اور فلسطینیوں کی ٹارگٹ کلنگ میں شرکت کرنے والی جماعت کے خلاف اقدامات اٹھائیں۔