مظفر احمد ہاشمی،علامہ قاضی احمد نورانی،مولانا صادق رضا ،محفوظ یار خان ایڈووکیٹ اور صابر کربلائی کا مذمتی بیان
کراچی( )صیہونی افواج کے غزہ پرمسلسل حملے اقوام متحدہ کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہیں،اقوام متحدہ اسرائیل کو لگام نہیں دے سکتی تو ادارہ بند کر دیا جائے۔امریکی کٹھ پتلیاقوام متحدہ دنیا پر بوجھ ہے۔
ان خیالات کاا ظہار فلسطین فاؤنڈیشن پاکستا ن کی مرکزی سرپرست کمیٹی کے اراکین سابق رکن قومی اسمبلی مظفر احمد ہاشمی (رہنما جماعت اسلامی)،علامہ قاضی احمد نورانی صدیقی(رہنما جمعیت علماء پاکستان)،مجلس وحدت مسلمین پاکستان کراچی کے سیکرٹری جنرل مولانا صادق رضا،پاکستان عوامی مسلم لیگ کے رہنما محفوظ یار خان ایڈووکیٹ اور فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے مرکزی ترجمان صابر کربلائی نے مشترکہ مذمتی بیان میں کیا۔
فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے رہنماؤں کاکہنا تھا کہ غاصب اسرائیل کی جانب سے غزہ پر مسلسل بمباری کرنا اور بے گناہ نہتے فلسطینیوں کو شہید کرنا قابل مذمت فعل ہے جبکہ اقوام متحدہ اسرائیل کے جنگی جرائم کو روکنے میں ناکام ہو چکی ہے ۔انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کا قیام اس لئے عمل میں لایا گیا تھا تا کہ دنیا بھر میں امن وامان کو یقینی بنایا جائے لیکن افسوس ناک بات ہے کہ اقوام متحدہ امریکی و صیہونی آلہ کار بنی ہوئی ہے اور غاصب صیہونی ریاست اسرائیل کے جنگی جرائم کو رکوانے میں بری طرح ناکام ہو چکی ہے۔
رہنماؤں نے مزید کہا کہ آج اگر مغرب میں کسی جانور کو بھی نقصان پہنچتا ہے تو دنیا بھر اور مغرب کی انسانی حقوق کی تنظیمیں ایسا واویلا اور شور برپا کرتی ہیں گویا دنیا کا سب سے عظیم گناہ سر زد ہو گیا ہو لیکن دوسری جانب فلسطین کے علاقے غزہ میں جارح صیہونی افواج کی جانب سے مسلسل دہشت گردانہ حملے اور فلسطینیوں کا ریاستی قتل عام جاری ہے جس پر مغرب اور دنیا کی انسانی حقوق کی تنظیموں کی سانپ سونگھ جاتا ہے۔
فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے رہنماؤں کاکہنا تھا کہ مسلم ممالک اور عرب حکومتوں کی یہ اولین ذمہ داری ہے کہ وہ غزہ میں صیہونی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیں اور فلسطینیوں کا دفاع کریں اگر مسلم اور عرب حکومتوں نے اپنے فرض سے غفلت برتی تو امت مسلمہ کبھی معاف نہیں کرے گی ان کاکہنا تھا کہ عالمی دہشت گرد امریکہ اور اس کی ناجائز اولاد اسرائیل کی جانب سے مسلم امہ کے خلاف جاری سازشوں کا ڈٹ کر مقابلہ کرنے کی ضرورت ہے ۔
رہنماؤں نے اقوام متحدہ کی ناقص کار کردگی پر اقوام متحدہ کو دنیا پر ایک بوجھ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اقوام متحدہ کا وجود مغرب اور اسرائیل کو تحفظ کی فراہمی میں استعمال ہو رہا ہے لہذٰا مسلم ممالک سمیت دنیا کے غیرت مند ممالک کی حکومتیں اقوام متحدہ کا اس وقت تک بائیکاٹ کریں جب تک اقوام متحدہ امریکی اور اسرائیلی چنگل سے آزاد ہو کر دنیا کے مظلوموں کی داد رسی نہیں کرتی۔