( فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) قابض ریاست میں صہیونی فوج نے نہ صرف فلسطینی خاندانوں کو بے گھر کیا بلکہ علاقے میں موجود ایک کمرشل اسٹور سمیت کئی دکانوں کو منہدم کردیا۔
ذرائع کے مطابق گذشتہ روز مقبوضہ بیت المقدس کےعلاقے سلوان میں واقع البستان محلے میں قابض اسرائیلی فورسز کی درجنوں گاڑیاں داخل ہوئیں اور 13فلسطینی خاندانوں کو جبری طور پر اپنے مکانات خود اپنے ہاتھوں سے مسمار کرنے کا حکم جاری کیا اور احکامات پر عمل در آمد نہ ہونے کی صورت میں رہائشیوں پربدترین تشدد کیانتیجے میں قابض فوج کی جانب سے صہیونی بلدیہ کی بھاری مشینری نے ان مکانات کے مالکان کے سامنے گھروں کو منہدم کرنا شروع کردیا۔
مسمار کیے جانے والےفلسطینی مکانات کےمالکان کے مطابق صہیونی بلدیہ کی جانب سے 21 روز قبل ان مکانوں کے قانونی کاغذات کی موجودگی کے باوجود گھر کو غیر قانونی قراردیتے ہوئےمنہدم کرنے کے نوٹس جاری کیے گئےتھے جس کی آخری تاریخ ختم ہونے کے دو دن بعد صہیونی فوج نے نہ صرف فلسطینی خاندانوں کو بے گھر کردیا بلکہ علاقے میں موجود ایک کمرشل اسٹور سمیت کئی دکانوں کو بھی مسمارکردیا ہے۔
واضح رہے کہ صہیونی بلدیہ ایک سوچے سمجھے منصوبے کے تحت فلسطینی گھروں کو تباہ کررہی ہے اور صہیونی غیر قانونی آباد کاروں کی رہائش کے لیےبین الاقوامی قانون کی مسلسل خلاف ورزی کرتے ہوئے تعمیرات کو تیز کر رہی ہے۔