اسرائیل نے ایک جانب غزہ کی مشرقی سرحد سے فائرنگ اور گولہ باری کا سلسلہ شروع کر رکھا ہے تو دوسری جانب مغربی ساحل پر صہیونی بحریہ کی جانب سے ماہی گیروں کے خلاف کارروائیاں بھی کی جاتی رہتی ہیں۔ ایسے ہی ایک کارروائی میں غزہ کے دو ماہی گیر گرفتار کر لیے گئے۔ فشریز کی وزارت کے ڈائریکٹر جنرل نے ’’مرکز اطلاعات فلسطین‘‘ کو اپنے بیان میں کہا کہ صہیونی بحریہ کے متعدد اہلکاروں نے ایک چھوٹی کشتی پر سوار فلسطینی ماہی گیروں پر حملہ کر کے انہیں گرفتار کر لیا۔ واضح رہے کہ ان دونوں کا روزی کمانے کا واحد ذریعہ یہ ہی پیشہ تھا۔ وزارت نے اس موقع پر ان دونوں کی جان کی ساری ذمہ داری اسرائیلی فوج پر عائد کی۔ انہوں نے انسانی حقوق کی تمام تنظیموں بالخصوص ریڈ کراس سے دونوں ماہی گیروں کی رہائی کے لیے کردار ادا کرنے کا مطالبہ کیا۔