فلسطینی میڈیکل ذرائع کے مطابق ایک ڈیڑھ سالہ شیر خوار فلسطینی اتوار کے روز شہید ہو گیا۔ تفصیلات کے مطابق حمزہ مھنا ابو ماریا کی شہادت دم گھٹنے کے باعث ہوئی۔
ابو ماریا کو گذشتہ جمعے کے روز مغربی کنارے کے شہر شمال الخلیل کی بلدیہ بیت امر میں ایک مظاہرے کے دوران اسرائیلی فوج کی جانب سے اشک آور گیس کے گولوں کی وجہ سے سانس کی شدید تکلیف ہو گئی تھی۔ اسے علاج کی غرض سے مقامی ہسپتال لیجایا گیا مگر وہ زہریلی گیس جسم میں سرایت کرنے سے شہید ہو گیا۔
ننھے شہید کے والد کا کہنا ہے کہ اسرائیلی فوج نے مغربی کنارے میں نسلی دیوار کے خلاف فلسطینیوں کے مظاہرے کو منتشر کرنے کے لئے اندھا دھند اشک آور گیس استعمال کی۔ آنسو گیس کا ایک گولہ ان کی رہائش گاہ کے قریب گرا، جس سے تمام اہل خانہ بری طرح متاثر ہوئے۔ ننھا حمزہ زہریلی گیس کے خلاف قوت مدافعت کم ہونے کی وجہ سے تین دن موت و حیات کی کشکمش میں مبتلا رہنےکے بعد ہسپتال میں دم توڑ گیا۔