جنوبی شام – (مرکزاطلاعات فلسطین فاؤنڈیشن) قابض اسرائیلی فوج نے منگل کے روز شام کے جنوبی علاقے میں قیطرہ گورنری کے دیہی علاقوں اور درعا گورنری سے متصل خطے میں پیش قدمی کی ہے اور راہگیروں کی تلاشی کے لیے دو عارضی چوکیاں قائم کی ہیں۔
شام کے الاخباریہ چینل کی رپورٹ کے مطابق تین فوجی گاڑیوں پر مشتمل ایک قابض اسرائیلی دستہ قنیطره کے دیہی علاقے میں واقع گاؤں صیدا الجولان میں داخل ہوا، جہاں اس نے ایک عارضی چوکی قائم کی اور وہاں سے گزرنے والے افراد کو تلاشی کے عمل سے گزارا۔
درعا گورنری سے متصل علاقے میں، قابض فوج نے وادی الرقاد کے بند پر، جو درعا اور قنیطرہ گورنری کے درمیان فاصل ہے، ایک چوکی قائم کی اور راہگیروں کی تلاشی کی کارروائیاں انجام دیں۔
چینل نے قابض اسرائیلی فورسز کے دونوں علاقوں میں قیام کی مدت یا اس بات کا ذکر نہیں کیا کہ آیا وہ بعد میں وہاں سے پسپا ہو گئی تھیں یا نہیں۔
یہ نقل و حرکتیں قنیطرہ اور درعا کے علاقوں میں قابض اسرائیل کی بار بار ہونے والی پیش قدمی کے تناظر میں سامنے آئی ہیں، جن میں عارضی چوکیاں قائم کرنا، شہریوں اور گاڑیوں کی تلاشی لینا، اور فائر بندی کی لائن کے قریب عسکری نقل و حرکت شامل ہے۔
قنیطرہ گورنری مقبوضہ شامی گولان سے متصل ہے، جس کے بیشتر رقبے پر قابض اسرائیل کا سنہ 1967ء سے تسلط ہے، جبکہ دمشق مقبوضہ شامی علاقوں سے قابض اسرائیلی فورسز کے انخلاء اور سنہ 1974ء میں طے پانے والے فائر بندی معاہدے کی پاسداری کا مطالبہ کرتا ہے۔
